ہندوستان 14، 15 اپریل کو ٹیبل ٹاپرس جرمنی کی میزبانی کرے گا
نئی دہلی، اپریل۔ہاکی انڈیا نے جمعہ کی شام کوانٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے اعلان کے بعد ہفتہ کو اڈیشہ کے مشہور کلنگا ہاکی اسٹیڈیم میں 14 اور 15 اپریل کو ڈبل ہیڈر مقابلوں کے لیے جرمنی کی میزبانی کرنے کی تصدیق کی، جو موجودہ 2021-22 مرد ایف ایچ آئی پرو ہاکی لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر ہے۔ ہندوستان اور جرمنی کی مردوں کی ہاکی ٹیمیں آخری بار ٹوکیو اولمپک 2020 میں کانسے کے تمغے کے مقابلے کے دوران آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں ہندوستان نے جرمنی کو سنسنی خیز مقابلے میں 5-4 سے شکست دے کر 41 سالوں میں پہلی بار تاریخی اولمپک تمغہ جیتاتھا۔ ہندوستانی مردوں کی ٹیم اور جرمنی بنیادی طورسے 12 اور 13 مارچ کو میچ کھیلنے والے تھے، لیکن جرمن ٹیم کے متعدد ارکان کے کورونا مثبت پائے جانے کے بعد میچ ملتوی کرنا پڑا۔ ہاکی انڈیا کے صدر گیانندرو ننگومبام نے 14 اور 15 اپریل کو ہونے والے میچوں کے لیے ہندوستان کاسفرکرنے کے جرمن مینز ہاکی ٹیم کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، ’’میزبان کے طور پر ہمیں اپریل میں اڈیشہ کے بھونیشور ایف آئی ایچ پرو لیگ کے میچوں میں حصہ لینے کے لئے جرمن نیشنل مینز ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ٹوکیو اولمپک گیمز 2020 میں کانسے کا تمغہ میچ کھیلنے والی ان دونوں ٹیموں کو دیکھنے کے لئے ہندوستان کے ہاکی شائقین میں کافی جوش وخروش ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جرمنی کی مردوں کی ہاکی ٹیم نے 2021-22 مینز ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں اب تک آٹھ میچ کھیلے ہیں، جس میں سے اس نے پانچ میں براہ راست اورایک میں شوٹ آوٹ سے جیت حاصل کی ہے، جبکہ دومیں شکست کاسامنا کرنا پڑا ہے۔ ہندوستان جو صرف ایک پوائنٹ سے جرمنی کے پیچھے پول اسٹینڈنگ میں دوسرے مقام پر ہے، نے بھی آٹھ میچ کھیلے ہیں، جس میں سے پانچ جیتے ہیں اوردومیچوں میں براہ راست شکست اورایک میچ شوٹ آوٹ سے ہاراہے۔