بابر اعظم ون ڈے کرکٹ کے لیڈر، شاہین خطرناک بولر: ایرون فنچ
کراچی،مارچ۔آسٹریلیا کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان ایرون فنچ نے کہا ہے کہ بابراعظم ایک روزہ میچز کا لیڈر جبکہ شاہین آفریدی خطرناک بولر ہے، پاکستان میں پہلی مرتبہ کھیل رہا ہوں کھلاڑی سیریز جیتنے کے لئے پرجوش ہیں۔ ورچوئل میڈیا کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ٹریننگ سیشن اچھا رہا ، ہم ہوٹل سے نکلے تو سب پرجوش تھے۔ ان پچز پر اچھا اسکور نظر آ رہا ہے، پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے پچز بہت اچھی ہوتی ہیں، سیریز اچھی ہو گی، ہم آئندہ ورلڈکپ کے لیے کمبی نیشن بنانے کی کوشش میں ہیں۔ مضبوط اور اچھی ٹیم بنانے کے لیے تجربہ کر رہے ہیں۔ پاکستان ٹیم میں ورلڈکپ کلاس کھلاڑی ہیں ، بابر اعظم جیسا بیٹر ٹیم کو لیڈ کر رہا ہے اور پھر بولنگ میں پاکستان کے پاس شاہین آفریدی ہیں، وہ ورلڈ کلاس بولر ہے ، نئے بال سے سوئنگ کر سکتے ہیں۔ حارث رئوف بھی ٹیم میں ہیں، ان کا بگ بیش لیگ میں سامنا کیا ہے، حسن علی ٹیم میں شامل ہیں ، پاکستان کے بولرز اچھے ہیں یہ ایک چیلنج ہے۔ ہم ایک وقفے کے بعد ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں، ہمارے کم تجربہ کھلاڑیوں کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ پرفارم کریں اور ٹیم میں جگہ بنائیں، نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ایلیکس کیری ، ٹریوس ہیڈ اور میکڈر مٹ جیسے کھلاڑی بھی ہیں، ہمارا ٹارگٹ سیریز جیتنا ہے، چاہے ہمارے کھلاڑی ناتجربہ کار ہیں۔ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں اچھے آغاز کے خواہشمند ہیں۔کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیل کر برتری ثابت کریں۔