ایشلے برٹی کا محض 25 سال کی عمر میں ٹینس سے رٹائرمنٹ کا اعلان
کوئنز لینڈ، مارچ ۔دنیا کی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی آسٹریلیا کی ایشلے برٹی نے سب کو حیران کر تے ہوئے محض 25 سال کی عمر میں ٹینس سے رٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔تین بار گرینڈ سلیم چمپئن رہنے والی ایشلے برٹی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا ۔اپنی ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ’’آج میرے لیے ایک مشکل اور جذباتی دن ہے کیونکہ میں ٹینس سے رٹائرمنٹ کا اعلان کر رہی ہوں۔ میں سمجھ نہیں پا رہی تھا کہ یہ خبر آپ کے ساتھ کیسے شیئر کروں اس لیے میں نے اپنے سب سے اچھے دوست ڈیلاکو سے کہا کہ وہ میری مدد کرے‘‘۔ایشلے نے کہا کہ اس کھیل نے مجھے جو کچھ دیا ہے اس پر میں بے حد مشکور اور فخر محسوس کرتی ہوں۔ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس سفر میں میرا ساتھ دیا۔ میں ان یادوں کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گی جو ہم نے مل کر بنائی ہیں۔2010 میں اپنا پیشہ ورانہ ٹینس کریئر شروع کرنے کے بعد سے ایشلے بڑٹی نے اپنے مختصر کریئر میں 15 سنگلز اور 12 ڈبلز ٹائٹل جیتے ہیں۔ وہ واحد کھلاڑی ہے جس نے اس مختصر عرصے میں 15 یا اس سے زیادہ سنگلز ٹائٹل اور 10 یا اس سے زیادہ ڈبلز ٹائٹل جیتے ہیں۔ایشلے بڑٹی نے اپنے کریئر میں تین گرینڈ سلیم جیتے ہیں۔ سب سے پہلے 2019 میں فرنچ اوپن، 2021 میں ومبلڈن اور حال ہی میں اسی سال آسٹریلین اوپن۔ وہ ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں کل 121 ہفتوں تک بہترین کھلاڑی رہیں۔اس سال آسٹریلین اوپن میں ان کی جیت نے تاریخ رقم کی کیونکہ وہ 44 برسوں میں اپنے ملک کی سرزمین پر گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والی پہلی آسٹریلوی خاتون بن گئیں۔وہ ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں سرفہرست رہتے ہوئے رٹائر ہونے والی دنیا کی دوسری خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے پہلے بیلجیم کی جسٹن ہینن مسلسل 61 ہفتے سب سے ٹاپ رہنے کے بعد 14 مئی 2008 کو ریٹائر ہوئی تھی۔قابل ذکر ہے کہ ایشلے برٹی کا سنگلز میں 305-102 اور ڈبلز میں 200-64 کا ریکارڈ ہے۔