’اے اے پی‘ حکومت نے پنجاب میں تین دن میں ہی کمال کردیا:کیجریوال
نئی دہلی، مارچ۔عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے صرف تین دنوں میں ہی کمال کردیا، جو پورے ملک میں موضوع بحث بناہواہے۔مسٹر کیجریوال نے پنجاب میں ’اے اے پی‘ کی حکومت کے قیام کے بعد اتوار کو تمام ایم ایل ایز کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کے دوران کہا کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے صرف تین دنوں میں ہی کمال کردیا، جس کا ذکر پورے ملک میں ہورہاہے۔ اے اے پی حکومت نے پرانے وزراء سے سیکورٹی واپس لے کر، تباہ شدہ فصلوں کامعاوضہ، اینٹی کرپشن ہیلپ لائن اور25 ہزار سرکاری نوکریوں کا اعلان کر کے لوگوں میں اعتماد پیدا کیا۔ یہ ایک بہترین آغاز ہے اور لوگوں کی توقعات آہستہ آہستہ اعتماد میں تبدیل ہوتی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت بھی بن گئی اور کام بھی شروع کیا، لیکن چار ریاستوں میں جیتنے والی بی جے پی نے ابھی تک حکومتیں نہیں بنائی ہیں تو وہ کام کیا کریں گے۔ مسٹر کیجریوال نے کہا کہ کسی کو چنڈی گڑھ میں نہیں بیٹھنا ہے۔ ہمارا ہر ایم ایل اے اور وزیر عوام کے درمیان گھومے گا۔ ہمیں عوام کے دل جیتنے ہیں۔دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اراکین اسمبلی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں جیت کی مبارک باد دی اورکہا کہ میں آج بہت خوش اور جذباتی محسوس کررہا ہوں۔ اس کی دو وجوہات ہیں۔ پہلی پنجاب کے عوام نے بے مثال محبت دی ہے۔ ہمیں اتنے ووٹ دئے، اتنی سیٹیں دیں اور تمام پرانے لیڈروں کو شکست دی۔ دوسری، جس طرح سے گزشتہ کچھ دنوں پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے پنجاب کے اندر زبردست کام کرکے دکھایا ہے۔ 16 مارچ کو ان کی حلف برداری ہوئی اور آج 20 تاریخ ہے۔ صرف تین دن میں ہی مان صاحب نے کمال کر دیا۔ صرف پنجاب میں ہی نہیں، بلکہ پورے ملک میں بھگونت مان کاچرچاہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے جتنے بڑے بڑے پرانے وزرا ہوا کرتے تھے، ان کی سیکیورٹی ہٹا کر ان پولیس اہلکاروں اور گاڑیوں کو عوام کی سیکیورٹی پر لگا دیا گیا ہے۔ اکتوبر کے اندر جو فصلیں تباہ ہوئیں، ان فصلوں کا ابھی تک معاوضہ نہیں دیا گیا تھا۔ وہیں اے اے پی کی حکومت بنتے ہی ایک دوروز کے اندر تمام کسانوں کو معاوضہ ان کے اضلاع میں پہنچ گیا۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ اگلے تین چار دنوں میں کسانوں کو معاوضے کے چیک ملنا شروع ہو جائیں گے۔ یہ سن کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ اس سے پہلے جس طرح سے آپ نے اینٹی کرپشن ہیلپ لائن جاری کرنے کا اعلان کیا۔ میں اسے ہیلپ لائن نہیں کہوں گا، وہ ایکشن لائن ہے۔ آپ نے جس طرح سے اینٹی ایکشن لائن کا اعلان کیا، دہلی کے اندربھی اس کی وجہ سے بدعنوانی ختم ہوگئی۔اے اے پی کے کنوینر نے کہا کہ ہم لوگوں نے 75 سال ضائع کردئے۔ اب وقت کم ہے۔ ہرایک وزیرکو مان صاحب ایک ٹارگٹ دیں گے کہ کتنے دنوں میں کتنا کام کرنا ہے۔ دن اور رات 24 گھنٹے کے ہیں۔ آپ کو دن رات کام کرناپڑے گا اورخوب محںت کرنے پڑے گی۔ اگر آپ کے ٹارگٹ پورے نہیں ہوتے ہیں، تو پھر لوگ ہی کہیں گے کہ اے اے پی اس وزیرکو بدلو اوردوسرے وزیرکو لے کرآو۔ ہوسکتا ہے کہ اس وقت آپ کو تھوڑاسابرالگے، لیکن مجبوری ہے۔ آپ کو کام توکرناپڑے گا اورٹارگیٹ بھی پورے کرنے پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں ہماری پارٹی کا ایک ایک کارکن، ایک ایک ایم ایل اے اور ایک ایک وزیر 24 گھنٹے عوام کے درمیان گھومے گا۔ وہ گلیوں میں جائے گا، محلے میں جائے گا، پنڈمیں جائے گا اور لوگوں کی باتیں سنے گا۔ میں نے سنا ہے کہ ہمارے کچھ ایم ایل اے جو وزیر نہیں بن سکے ہیں وہ ناخوش ہیں۔ ہمیں 92 سیٹیں ملی ہیں۔ وزیر 17 ہی بنیں گے۔ ایسا نہیں ہے کہ جو ایم ایل اے وزیر نہیں بنے وہ کسی سے کم ہیں۔ پنجاب کے لوگوں نے اس بار ایک ایک ہیرا چن کر بھیجا ہے۔ آپ لوگ ایک ایک ہیرا ہو۔ ہمیں 92 افراد کی ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہے۔ اگر ہم ایک ٹیم بن کر کام کریں گے، اپنی خود غرضی چھوڑ دیں گے، اپنی خواہشات اور عزائم چھوڑ دیں گے، تو پنجاب کی ترقی ہوگی اور پنجاب بہت آگے بڑھے گا۔