پرینکا نے کی’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘مارچ کی قیادت
لکھنؤ:مارچ۔عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج لکھنؤ میں’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘مارچ کی قیادت کر تے ہوئے خواتین بااختیاری کا پیغام دیا۔ریاستی راجدھانی کے 1090چوراہے سے شروع ہونے والے مارچ میں ہزاروں خواتین نے خصوصی طور سے شرکت کی۔شرکاء اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے ہوئے تھے جن پر’لڑکی ہو لڑسکتی ہوں‘نعرے آویزاں تھے۔ پورے مارچ کے دوران وقت وقت سے لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں کے نعرے لگتے رہے۔بالو اڈا، ڈالی کالونی، رانا پرتاپ مارگ سے گذرنے والے مارچ کے دوران پرینکا نے خواتین سے ملاقات کی اور خواہش مندافراد کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔تقریبا تین کلو میٹر لمبے مسافت والا یہ مارچ ایک گھنٹے میں سکندرآباد کراسنگ پر اختتام پذیر ہوا۔ جہاں پر پرینکا نے مجاہد آزادی ادا دیوی کی مجسمے پر گلپوشی کی۔اترپردیش اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی تمام 159خاتون امیدواروں سمیت دیگر خاتون نمائندوں کو اس مارچ میں خصوصی طور سے مدعوی کیا گیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ اسمبلی انتخابات میں خاتون بااختیاری کا نعرہ دیتے ہوئے کانگریس نے 40فیصدی ٹکٹ خاتون امیدواروں کو دئیے ہیں۔