شاہ نے ہندوستان- بنگلہ دیش سرحد پر تار کی باڑ کا معائنہ کیا

اگرتلا، مارچ۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو تریپورہ کے سبروم میں ہندوستان – بنگلہ دیش سرحد سے لگی تار کی باڑ کا معائنہ کیا۔مسٹر شاہ کے ساتھ مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا بھی ہیں۔مسٹر شاہ نے جنوبی تریپورہ کے کتھل چیری میں سب سے پرانی سرحد چوکیوں میں سے ایک کا دورہ کیا اور ایلییامارا اور آنند پارا کے درمیان تین کلومیٹر کے بلاک کا معائنہ کیا۔اس علاقے میں ہندوستان اور بنگلہ دیش دونوں کے درمیان ہوئے معاہدے کے تقریباً ایک دہائی بعد باڑ لگانے کا کام چل رہا ہے۔بنگلہ دیش بارڈر گارڈس (بی بی جی) کے اعتراض کے بعد پچھلے کئی برسوں سے تار کی باڑ لگانے کا کام روک دیا گیا تھا۔بی بی جی نے الزام لگایا تھا کہ ہندوستان سرحد کے اندر 100 گز کی دوری پر باڑ لگانے کےاصول پر عمل نہیں کررہا ہے۔ باڑ لگانے کے تنازعہ کے سلسلے میں قریب آٹھ سال پہلے سبروم کے مندر گھاٹ بی اوپی پر بارڈر سکیورٹی فورس ( بی ایس ایف) اور بی بی جی کے درمیان لڑائی ہوئی تھی۔ مسٹر شاہ نے 70 کلومیتر کی دوری کے اندر چٹ گاؤں تک پہنچنے کےلئے پھینی ندی پر سبروم کو جنوبی بنگلہ دیش کے رام گڑھ سے جوڑنے والے ہندوستان کے ذریعہ بنائی گئی سبروم سرحد چوکی اور میتری سیتو (پل) کا بھی دورہ کیا۔ سبروم کے علاوہ،تریپورہ کے کئی مقامات پر تار کی باڑ لگانے کا کام چل رہا ہے،جس میں سونمرا میں ہندوستان- بنگلہ دیش سرحد کے 6.5 کلومیٹر بغیر باڑ والے اہم بلاک شامل ہیں۔

Related Articles