شرد کمار نے اپنے یوکرین کے کوچ کے لیے تشویش کا اظہار کیا
نئی دہلی، فروری۔ 2020 ٹوکیو پیرا اولمپک گیمز میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والے ہندوستانی پیرا ہائی جمپر شرد کمار نے اپنے یوکرین کے کوچ نکیتن افگن کے لیے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کے کھلاڑی اپنے کمروں سے بمباری کی آواز سن سکتے ہیں۔ شرد نے جمعرات کے روزایک ٹویٹ میں لکھا، ’’ابھی خارکیف میں میرے کوچ سے بات ہوئی، وہ فکر مند ہیں۔ وہ اپنے گیراج میں انڈرگراؤنڈ رہنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ان کی بیوی فون پر رو رہی تھی اورزمین کے نیچے جارہے تھے۔ میں نے خارکیف میں دیگر دوستوں کو فون کیا ، وہ سب خوفزدہ ہیں۔ میں بھی خود کو خوفزدہ اور بے بس محسوس کررہا ہوں۔ چھ سال تک یوکرین میں رہنے والے شرد نے کہا، جب میں یوکرین میں تھا تب بھی میں نے فوجی تنازع کے بارے میں سنا تھا۔ یقیناً اس پیمانے پر نہیں کہ جو اب ہو رہا ہے، لیکن یہ ہمیشہ سے تھا۔ واضح رہے کہ ٹوکیو پیرالمپک میں کانسہ کا تمغہ جیتنے کے بعد شرد ہندوستان میں ہیں۔ وہ جون سے یوکرین لوٹنے کا منصوبہ بنارہے تھے۔ انہوں نے کہا، میں امید کر رہا ہوں کہ تب تک حالات بہتر ہو جائیں گے۔ میں واپس جانا چاہتا ہوں۔