خواتین ریاست میں آزادانہ طور پر حجاب پہن کر گھوم سکتی ہیں، گورنر کی یقین دہانی
حجاب کی حمایت میں سماج وادی پارٹی کے وفد کی مہاراشٹرا کے گورنر سے ملاقات
ممبئی،فروری۔سماج وادی پارٹی کی خواتین ونگ کے ایک وفد نے بھیونڈی سے رکن اسمبلی رئیس شیخ کی قیادت میں مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی اور مذہب اسلام میں حجاب کی اہمیت و ضرورت سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ اس موقع پر مدنپورہ اور بھیونڈی کی تقریباً دس ہزار خواتین کے دستخط کے ساتھ ایک میمورنڈم انہیں دیا گیا۔ گورنر نے سماج وادی پارٹی کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ مہاراشٹر میں حجاب کے خلاف کوئی بھی ایسا قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے جس سے خواتین کے حقوق پر ضرب پڑے ۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں طالبات پر حجاب پہن کر آنے پر پابندی عائد کرنے کے خلاف سماج وادی پارٹی کی جانب سے گزشتہ دنوں مدنپورہ اور بھیونڈی میں پرامن دستخطی مہم چلائی گئی۔ اس دوران مدنپورہ کے سانکلی اسٹریٹ جنکشن پر حجاب کی حمایت میں خواتین کو پولیس نے مختصر وقت کے لئے دستخطی مہم چلانے کی اجازت دی جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں خواتین دستخط کرنے سے محروم رہ گئیں جس کے سبب سماج وادی پارٹی کے دفتر میں دستخطی مہم جاری رکھی گئی اور اس دوران کثیر تعداد میں خواتین نے حجاب کی حمایت میں دستخط کئے ۔ سماج وادی پارٹی کی خواتین نے وفد کی جانب سے گورنر سے بات چیت کی اور انہیں مذہب اسلام میں حجاب کی اہمیت اور ضرورت سے واقف کروایا۔ مذکورہ وفد کی بات سننے کے بعد گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ حجاب کے خلاف کوئی بھی ایسا قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے جس سے خواتین کے حقوق پر ضرب پڑے ۔ وفد میں شامل خواتین نے کہا کہ آپ نے ہماری بات ایک سرپرست کی طرح سنی اور ہمیں یقین دلایا کہ ہم حجاب پہن کر ریاست مہاراشٹر میں آزادانہ گھوم سکتے ہیں۔