حدبندی کمیشن کا قیام غیر قانونی، مجوزہ رپورٹ لوگوں کو تقسیم کرنے کی مذموم کوشش: ڈاکٹر فاروق عبداللہ
سری نگر فروری۔جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی بنیاد ناانصافی کیخلاف جدوجہد سے ہی پڑی ہے اور یہ جماعت آج بھی جموں وکشمیرکے عوام کیساتھ ہورہی ناانصافیوں کیخلاف برسرجہد ہے اور ہماری جماعت کسی بھی صورت میں اپنے اصولوں سے انحراف کرنے والی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس کو جہاں جموں و کشمیر کی واحد اور حقیقی عوامی نمائندہ جماعت ہونے کا طرہ امتیاز حاصل رہاہے وہیں اس جماعت نے بھی ہمیشہ لوگوں کو ہی طاقت کا سرچشمہ سمجھا ہے اور یہ جماعت آج بھی اسی اصول پر قائم و دائم ہے۔ان باتوں کا اظہارنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج جموں میں کٹرا، سانبہ، نگروٹہ اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے عوامی وفود، معزز شہریوں، بی ڈی سی ممبران،پارٹیحدبندی کمیشن کی رپورٹ کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے صدر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبدا للہ نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ ناانصافی پر مبنی ہے، جس کا مقصد جموں وکشمیرکے عوام کو علاقائی، لسانی اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرکے بھاجپا کو انتخابات میں فائدہ پہنچانا ہے۔اُن کا کہنا تھاکہ نیشنل کانفرنس کے تینوں ایسوسی ایٹ ممبران نے کمیشن میں اپنا جواب داخل کردیاہے اور ایسی کسی بھی مشق سے گریز کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔اُن کے مطابق ہمارا مانناہے کہ جس قانون کے تحت اس حدبندی کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیاہے اُس قانون کی جوازیت سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور اس مشکوک قانون کے تحت جموں وکشمیر کی حدبندی کرنا سپریم کورٹ کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشستوں کی حدبندی آبادی کے تناسب سے ہونی چاہئے لیکن یہاں من مانے طریقے سے نشستوں کی حدبندی کی گئی ہے اور کئی تاریخی اہمیت کی حامل نشستوں کا نام و نشان ہی ختم کردیا ہے ۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ بھاجپا کے ان مذموم منصوبوں کا مقابلہ صرف اور صرف ہوشیاری اور متحد ہوکر کیا جاسکتا ہے اور وقت کا تقاضا ہمیں عملی طو رپر اتحاد و اتفاق میں رہیں اور جموں و کشمیر کیخلاف ہورہی ہر ایک سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔دریں اثناء ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاسی جاکر پارٹی کے علیل لیڈر طارق بٹ کی عیادت کی ۔ انہوں نے موصوف کے اہل خانہ سے کہاکہ طارق بٹ کو نئی دہلی پہنچائیں اور ہم وہاں اُن کا علاج و معالجہ کرائیں گے۔ انہوں نے طارق بٹ کی فوری صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔