وزارت آیوش تریپورہ میں ہیلتھ کیئر مراکز کے قیام کے لیے رضامند
اگرتلہ، فروری۔ آیوش کی وزارت نے تریپورہ میں جلد ہی 50 بستروں پر مشتمل آیوش اسپتال اور اتنی ہی تعداد میں ہیلتھ اینڈ ویلنیس سینٹر قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ریاست کے دورے پر آنے والے وزیر آیوش سربانندا سونووال نے منگل کے روز وزیر اعلیٰ بپلیب کمار دیب کے ساتھ تبادلہ خیالات کے بعد یہ اطلاع دی۔مسٹر سونووال نے میڈیا کو بتایا کہ آیوش اسپتال اور ویلنیس سینٹر نہ صرف تریپورہ کے موجودہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو سپورٹ کریں گے بلکہ خطے میں روایتی علاج طریقوں کو بھی فروغ دیں گے اور ملک کے دیگر حصوں اور پڑوسی بنگلہ دیش کے لوگوں کو بھی اپنی طرف راغب کریں گے جس سے اقتصادی ترقی اور ثقافتی فروغ میں مدد ملے گی۔یہ شمال مشرق کے مریضوں کو علاج و معالجہ فراہم کرنے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میںطویل عرصے تک مدد فراہم کرے گا۔سونووال نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت مجوزہ آیوش اسپتال کی تعمیر کے لئے زمین فراہم کرے گی اور وزارت اس میں ہر طرح سے امداد فراہم کرے گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے ماتحت ایک اور وزارت’ بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہ‘ نے بھی تریپورہ حکومت کے ساتھ اندرون ملک آبی نقل و حمل ٹرمینل کے فروغ اور دیکھ بھال کے لیے ایک ایم او یو پر دستخط کیے ہیں۔تریپورہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ، ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی آف انڈیا اور لینڈ پورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے حکام نے سونووال اور بپلاب کمار دیب کی موجودگی میں اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔وزیر نے کہا کہ تریپورہ کے دریائے گومتی میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے ہندستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اندرون ملک آبی نقل و حمل کے لیے 10 گھاٹوں کی تعمیر کی جائے گی، جس کا مقصد کارگو اور مسافر بردار جہازوں اور دریائی کروز کی نقل و حمل کو آسان بنانا ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حجم میں تیزی آئے گی۔دریائے گومتی کے علاوہ آبی گزرگاہوں کی وزارت تریپورہ کے کچھ دیگر دریاؤں میں ہائیڈرولوجیکل سروے کرے گی اوراسیکے مطابق اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ دیب نے کہا کہ آبی راستوں سے سامان کی نقل و حمل اشیا کی ترسیل کا سب سے سستا ذریعہ ہے۔ لہذا بنگلہ دیش کے راستے آبی گزرگاہوں کے ذریعے ہندوستانی ریاستوں سے سامان خاص طور پر سیمنٹ اورا سٹیل کی نقل و حمل اب آسان ہو جائے گی اور اس سے لاگت کم ہو جائے گی۔