گرمی نکالنے والے پڑ گئے ہیں ٹھنڈے:اکھلیش
کانپور(دیہات)فروری۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے بدھ کو بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے پہلے دو مراحل کی ووٹنگ کو دیکھتے ہوئے گرمی نکالنے والے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور گرمی نکالنے والوں کی بھاپ نکل گئی ہے۔اکبر پور اسمبلی حلقے کے ماتی میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائیکل اس بار سب سے آگے چل رہی ہے۔ پہلے دو مراحل کی ہوا ایس پی کے حق میں ہے۔ اس بار کسانوں و نوجوانوں کی حکومت بننے جارہی ہے۔ اس بار ایس پی کی حکومت کسان اور نوجوان بنوانے جارہے ہیں۔ بی جے پی نے جتنے بھی وعدے کئے تھے سبھی جھوٹے ثابت ہوئے ہیں اور بی جے پی اقتدار میں نوجوانوں کے پانچ سال انتظار میں کٹ گئے۔نوجوانوں کو کوئی روزگار نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی حکومت بنے گی تو ٹی ای ٹی، بی ایڈ، بی پی ایڈ، 69ہزار ٹیچر بھرتی، شکچھا متر سب کو نوکری دیں گے۔ انہوں نے کہا بی جے پی کی حکومت میں بڑے ۔بڑے کاروباری ہندوستان سے بینک سے پیسہ لے کر فرار ہوگئے۔ ابھی ایک اور کروباری بینک سے پیسہ لے کر فرار ہوا ہے۔ وہ کہاں کا ہے۔ سب کو معلوم ہے۔ ایس پی نے طے کیا ہے کہ آوٹ سورس نظام کو ختم کریں گے۔اکھلیش نے کہا کہ اترپردیش میں ایس پی کی حکومت بنتے ہی سب سے پہلے مہنگائی پر وار ہوگا۔ سماج وادی حکومت بننے پر غریب،ضرورت مندوں، خواتین اور بی پی ایل کنبوں کو 18ہزار روپئے فی ماہ پنشن دیا جائے گا۔ سماج وادی کینٹین اور کسان اسٹور قائم کئے جائیں گے۔کارپس فنڈ بناکر گنا کسانوں کی ادائیگی 15دنوں میں کی جائے گی۔ سرکاری ملازمین کو پرانی پنشن پھر بحال ہوگی۔ ہر ایک فصل پر ایم ایس پی دی جائے گی۔بجلی کا بل آنے پر کرنٹ لگتا ہے اس لئے 30یونٹ گھریلی بجلی مفت ملے گی۔