شیوراج نے سیلف ہیلپ گروپس کوآٹھ فروری کو دیں گے 300 کروڑکی سوغات
بھوپال، فروری۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کل ریاستی دیہی روزگار مشن میں سیلف ہیلپ گروپس کے اراکین کو 300 کروڑ روپے کے بینک قرض تقسیم کریں گے۔ساتھ ہی کچھ اضلاع کے سیلف ہیلپ گروپس کے ممبران سے ورچوئل ڈائیلاگ بھی کریں گے۔سرکاری اطلاعات کے مطابق بھوپال واقع کُشابھاؤ ٹھاکرے آڈیٹوریم میں صبح 10.30 بجے منعقد ہونے والے اس ورچوئل پروگرام میں تمام اضلاع میں گرام پنچایت سطح پر گروپ ممبران مختلف ورچوئل میڈیم سے جڑیں گے۔ اس پروگرام میں پنچایت اور دیہی ترقی کے وزیر مملکت رام کھیلاوان پٹیل بھی موجود رہیں گے۔اب تک ریاست کے 40 لاکھ سے زیادہ دیہی غریب خاندانوں کو تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار سیلف ہیلپ گروپس سے جوڑ کر بینک قرض کی شکل میں 2762 کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔ محکمہ پنچایت اور دیہی ترقیات کورونا کے دور میں دیہی خاندانوں کی معاشی حالت کو مستحکم کرنے کے لیے لاک ڈاؤن کے وقت سے مسلسل ورچوئل پروگراموں کا انعقاد کرکے مستفید افراد کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔ رقم حاصل کرنے سے گروپ ممبران اپنی موجودہ روزی روٹی کو مزید بہتر کرتے ہوئے اپنی آمدنی میں اضافہ کریں گے جس سے ان کی خوشحالی کے دروازے کھلیں گے اور ان کی معاشی اور سماجی حیثیت پہلے سے بہتر ہوگی۔مشن میں دیہی علاقوں میں رہنے والے غریب خاندانوں کی خواتین کو سیلف ہیلپ گروپوں سے جوڑ کر ان کو سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے بینکنگ سروس کے عمل کو آسان بنانے کے مقصد سے، بینکوں کے ساتھ وسیع تال میل قائم کرکے سیلف ہیلف گروپس کے لیے مناسب بینک کریڈٹ کی دستیابی کو آسان بنایا گیا ہے۔سیلف ہیلپ گروپس کے سافٹ ویئر کے ذریعے بینک لون معاملہ پیش کرنے کے ساتھ گہری نگرانی اور شفاف عمل کو بنایا گیا ہے۔ بینکنگ خدمات کو قابل رسائی بنانے کے لیے مشن کے ذریعے بینک برانچ کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جو دیہی علاقوں میں بینکنگ سے متعلق کاموں میں گروپ کے ممبران کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں۔