امریکہ شدید سرمائی طوفان کی زد میں
ٹیکساس،فروری ۔ جمعرات کو امریکہ کے جنوبی اور شمال مشرقی علاقے طوفانی تھپیڑوں کی لپیٹ میں رہے۔ ٹیکساس سے اوہائیو تک کے علاقوں میں ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ مکانات بجلی سے محروم رہے۔ ایک طرف برفانی طوفان تھا تو دوسری جانب مغربی الاباما میں گرم موسم کے باعث جھکڑوں اور ٹارنیڈوز نے تباہی پھیلائی۔جمعے کو بہت سے علاقوں میں بارش اور شدید سردی کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔ بہت سے علاقوں میں ایک فٹ سے لے کر پونے دو فٹ تک برفباری ہو چکی ہے۔فضائی پروازوں کا حساب رکھنے والی کمپنی "فلائٹ اویر” کے مطابق، جمعرات اور جمعے کو امریکہ میں نو ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ٹیکساس میں منجمد کرنے والی سردی معمول کی بات نہیں ہے۔ جمعے کو ٹیکساس کے پندرہ ہزار مکانات بجلی سے محروم ہیں۔ ریاست میری لینڈ کے شہر کالج پارک میں قائم نیشنل ویدر سروس کے ماہر موسمیات اینڈریو اور یسن نے جمعرات کو بتایا کہ ریاست کا ایک بڑاعلاقہ برف سے ڈھک سکتا ہے اوروسیع علاقے میں برف پڑنے کے ساتھ ساتھ مزید برفانی بارش بھی متوقع ہے۔اوریسن نے بتایا کہ ریاست اوہائیو، نیویارک اور شمالی نیو انگلنڈ کے کچھ حصوں میں بھی شدید برف باری کا امکان ہے کیونکہ طوفان مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے او ر جمعے کو بعض مقاما ت پر بارہ سے اٹھارہ انچ تک برف پڑسکتی ہے۔تباہ کن طوفان منگل کو شروع ہونے کے بعد بدھ کو امریکہ کے اکثر علاقوں تک پھیل گیا۔امریکہ میں بدھ اور جمعرات کو تقریباً سات ہزار پروازوں کو دوبارہ شیڈول کرنا پڑا جب کہ تقریباً ایک ہزار پروازیں صرف ڈیلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ سے منسوخ ہوئیں، جب کہ دیگر ایئرپورٹ پر بھی تقریبًاً تین سو پروازیں منسوخ ہوئیں۔