تمام مردوں کو ریپسٹ کہنا درست نہیں: ایرانی
نئی دہلی، فروری۔مرکزی وزیر ترقیات خواتین و اطفال اسمرتی ایرانی نے بدھ کو راجیہ سبھا میں خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام مردوں کو ریپسٹ کہنا درست نہیں ہے۔ ایرانی نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان میں کہا کہ شادی شدہ زندگی میں جنسی تشدد کی حمایت نہیں کی جا سکتی اور کوئی بھی اس کی حمایت نہیں کرتا ہے۔ لیکن اس کی آڑ میں تمام مردوں کو ریپسٹ کہنا درست نہیں۔ وہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ونے وسام کے ‘شادی شدہ زندگی میں تشدد کے سوال کا جواب دے رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ ریاستوں کے تعاون سے ملک میں 37 ہیلپ لائنیں چل رہی ہیں۔ خواتین کی حفاظت کے لیے ملک میں 700 ون اسٹاپ سینٹرز چل رہے ہیں۔ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ مہم کے تحت ضلع سطح پر بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ ان مراکز میں متعلقہ افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔