نقلی سماج واد حصول اقتدار کے لئے کوشاں:مودی

لکھنؤ:جنوری۔وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو’جن چوپال‘ سے ورچولی خطاب میں سماج وادی پارٹی کو ہدف تنقید بناتےہوئے کہا کہ ’نقلی سماج واد کسی بھی قیمت پر برسراقتدار ہونے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہا ہے ۔محتاط رہے ان کے پاس ویژن کے نام پر صرف غصہ ، مخالفت اور اشتعال ہے۔یوپی کو ایسی حکومت چاہئے جو اپنے عقیدے کے احترام کے ساتھ سائنس، علم اورجدیدیت کو بڑھاوا دے رہی ہے۔اترپردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پیر کو وزیر اعظم مودی نے اپنی پہلی ورچول ریلی میں سماج وادی پارٹی کو اپنا ہدف تنقید بنایا وہیں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے کاموں کی جم کر تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ جنہوں ے غریب کی تکلیف نہ کبھی محسوس کی ،نہ کبھی دیکھی ہمیشہ زمین سےکٹے رہے وہ نہ غریب کو سمجھ سکتے ہیں اور نہ ان کا بھلا کرسکتے ہیں۔غریبوں کے لئے بی جے پی حکومت نے کیسے کام کیا ہے اس کی مثال غریبوں کے پختہ مکانات ہیں۔سماج وادی پارٹی پر اپنے میعاد کا ر میں ریاست کو تباہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مودی نے کہا پانچ سال پہلے یوپی میں بیٹیاں گھر سےنکلنے میں گھبراتی تھیں۔ کاروباری لوٹے جاتے تھے مافیاؤں کو حکومت تحفظ فراہم کرتی تھی،مغربی یوپی کے لوگ کبھی نہیں بھول سکتے ہیں کہ ان کا شہر فساد میں جل رہا تھ اور حکومت اتسو منارہی تھی۔لوٹ پات، قتل اوراملاک پر غیر قانونی قبضہ سماج واد کو متعارف کرتی تھی۔ لیکن یوگی نے ان مشکل حالات سے ریاست کو باہر لانے، فسادات سے نجات دلانے، بہنوں و کاروباریوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا کام کیا ہے۔مودی نے عوام سے انتباہی انداز میں کہا اقتدار سے دوربیٹھے یہ لوگ پوری کوشش میں ہیں کہ وہ کسی طرح اقتدار حاصل کرلیں کیونکہ وہ آپ سے بدلہ لینے کی ٹھان کر بیٹھے ہیں۔ان لوگوں نے جس کو ٹکٹ دیا ہے ان کے کارنامے اس کے ثبوت ہیں۔بدلہ لینا ہی ان کا ہمیشہ کا مقصد رہا ہے۔لیکن میں مسرور ہوں کہ یوپی کی عوام ان فسادیوں اور بدلہ لینے کی سوچ رکھنے والوں سے محتاط ہیں۔اور بی جے پی کو گذشتہ بار سے بھی زیادہ بڑی جیت درج کرائیں گے۔وزیر اعظم نے یہ بھی دعوی کیا کہ پہلی بار ووٹنگ کے لئے پرجوش ووٹر اس بات کا منتظر ہے کہ بی جے پی کو ووٹ دے کر اس کی مکمل اکثریت کی حکومت پھر سے بنائیں۔وزیر اعظم مودی نے اشاروں ہی اشاروں میں سماج وادی پارٹی پر نوجوانوں کے جذبات کی قدر نہ کرنے اور انہیں نہ سمجھ پانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اقتدار کھونے کے اندھی تقلید کی وجہ سے نوئیڈا جیسے شہر میں آنے سے بھی کتراتے ہوں کیا وہ نوجوانوں کے خوابوں کی قیادت کرسکتے ہیں۔جو ملک کے اپنے ٹیکے پر یقین نہیں کرتے ، جو افواہوں کو ہوا دیتے ہیں کیا وہ یوپی کے نوجوانوں کے ٹیلنٹ،ان کے اختراع کا احترم کرسکتے ہیں۔یہ کام صرف بی جے پی کرسکتی ہے۔وزیر اعظم نےبلا تفریق سماج کے ہر طبقے کے لئے کا م کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا’گذشتہ پانچ سالوں میں متعدد نئے تعلیمی ادارے کھلے، آئی ٹی آئی ، میڈیکل کالج اور نئی یونیورسٹیاں قائم کی گئیں۔ حکومت کی اس سوچ کے پیچھے نوجوانوں کے سپنے اور ان کی توقعات بھی ہیں۔ سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواش ڈبل انجن حکومت کی پالیسی کا بنیادی منتر ہے۔یہ جذبات ہمارے آئین کی بنیاد ہے۔ یہی منشی بابا صاحب امبیڈکر دیکھنا چاہتے تھے۔ سابق وزیر اعظم و غریبوں کے مسیحا چودھری چرن سنگھ نے اس کے لئے اپنی زندگی وقف کردی ۔مودی نے بی جے پی کی قیادت میں یوگی حکومت کی اسکیمات کا سب سےزیادہ فائدہ دلتوں، پسماندہ طبقات اور محرومین کو ہونے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مفت علاج کی سہولیت، مفت گیس کنکشن، شفاف پینے کا پانی زندگی کا آسان بنا رہاہے۔انہوں نے کہا گذشتہ حکومتوں میں جہاں کچھ ہزار مکانات بنے تھے وہیں بی جے پی حکومت نے ریاست میں 33 لاکھ سے زیادہ گھر بنا کر رکھ دئیے ہیں۔ یعنی 33لاکھ غریب لکھ پتی بنے ہیں۔ان کے پاس پختہ مکانات ہیں۔حکومت کی پالیسیوں کا سب سے زیادہ فائدہ بہن بیٹیوں کو ملنے کے سیاق میں انہوں نے ایک طرف جہاں پختہ مکانات کی ملکیت سب سے زیادہ خواتین کو دینے کا ذکر کیا تو وہیں تین طلاق قانون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا سب سے زیادہ فائدہ لاکھوں مسلم بہن بیٹیوں کو ہوا۔ بیٹا۔بیٹی کو ایک طرح ماننے والی حکومت بیٹیوں کی شادی کی عمر 21سال کرنے کی کوشش کررہی ہے جس سے انہیں بھی اپنے سپنے پورے کرنے کے مواقع ملیں۔مودی نے کہا غریبوں کے لئے سوچنے والی حکومت کیسے کام کرتی ہے اس کی بہترین مثال کورونا بحران میں دیکھنے کی ملی جب حکومت نے ایک ایک غریب کنبے کو دھیان میں رکھا۔یوپی کے 15کروڑ غریبوں کو ڈبل انجن کی حکومت مفت راشن فراہم کررہی ہے۔ جبکہ پانچ سال پہلے غریبوں کا راشن چوری ہوجاتا تھا آج ایک ایک داناغریب کے گھر تک پہنچ رہا ہے۔ یہی فرق ہے یہی تبدیل پانچ سالوں میں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب دل میں خدمت کا جذبہ ہو تو بدعنوانی پاس پھٹک بھی نہیں سکتی۔ یوگی حکومت کے کام کے نتیجے اس کے گواہ ہیں۔ ان کا یہی ٹریک ریکارڈ ہے۔ حکومت کی منشی ہے کہ کسانوں کو ملنے والی مدد میں لوٹ بند ہو۔ نتیجتا مختلف اسکیمات کے تحت چھوٹے کسانوں کے بینک کھاتوں میں سیدھے طور سے 43ہزار کروڑ روپئے بھیجے گئے۔ اب وقت آگیا ہے جب چھوٹے کسانوں کی زیادہ فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ چھوٹے کسان ہی شہری زندگی میں تبدیلی لائیں گے۔مودی نے کہا کہ ڈبل انجن کی حکومت ڈبل تیزی سے یوپی کی ترقی میں مشغول ہے۔ آج یوپی میں ایکسپریس وے ، ائیر پورٹ کی تعداد ڈبل ہورہی ہے۔یوپی ریاست کا واحد صوبہ ہے جہاں 5شہروں میں میٹرو ہے اور 5پر کام جاری ہے۔ہمارا کام اور ان کے کارنامے اور کارستانیاں دیکھ کر ہی اس بار بھی یوپی کی عوام بی جے پی کو بھرپور آشیر واد دینی جارہی ہے۔آج یوپی کہہ رہا ہے ایک بار پھر غریبوں کی سرکاری،ڈبل انجن کی بی جے پی سرکاری۔ملحوظ رہے کہ مودی کے یوپی الیکشن کے پیش نظر اس پہلی ورچولی ریلی کو’جن چوپال‘کا نام دیا گیا تھا۔ جس میں ضلع سہارنپور، باغپت، مظفر نگر، گوتم بدھ نگر اور شاملی کے تقریبا 49ہزار لوگوں کو بڑی بڑی ایل ای ڈی کے ذریعہ سے جوڑنے کا بی جے پی کا دعوی ہے۔جبکہ دیگر علاقوں میں بی جے پی حامی ٹی وی و دیگر ذرائع سے وزیر اعظم مودی کے خطاب کو سنا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ آگرہ سے اور نائب وزیر اعلی دنیش شرما لکھنؤ واقعہ ریاستی دفتر میں بنے ورچول ریلی اسٹوڈیو سے موجود رہے۔

 

Related Articles