اسمرتی مندھانا سال 2021 کی بہترین خاتون کرکٹر منتخب
دوبئی، جنوری ۔ہندوستان کی اوپننگ بلے باز اسمرتی مندھانا کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال 2021 کی بہترین خاتون کرکٹر منتخب کیا ہے۔ اسے ریچل ہیہو فلنٹ ٹرافی سے نوازا جائے گا۔ وہ ایلیس پیری کے بعد دنیا کی واحد دوسری خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے یہ ٹرافی دو بار جیتی۔ اسمرتی کا نام آئی سی سی کی بہترین خواتین ٹی۔ 20 کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی شامل تھا، لیکن یہ اعزاز انگلینڈ کی اوپنر ٹیمی بیومونٹ نے حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقی بلے باز لیزیل لی کو سال 2021 کی بہترین خواتین ون ڈے کرکٹر منتخب کیا گیا۔اسمرتی نے اس سے قبل 2018 میں بہترین خاتون کرکٹر اور بہترین ون ڈے خاتون کرکٹر کا خطاب جیتا تھا۔ جھولن گوسوامی نے 2007 میں یہ خطاب جیتا تھا۔ اس طرح اسمرتی یہ ایوارڈ جیتنے والی دوسری ہندوستانی خاتون بھی ہیں۔ سال 2021 میں انہوں نے 22 بین الاقوامی میچوں میں ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 38.86 کی اوسط سے 855 رنز بنائے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف گولڈ کوسٹ ڈے نائٹ ٹیسٹ میں 127 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی۔ ان کا نام آئی سی سی کی خواتین کی سالانہ ٹی۔ ٹوئنٹی ٹیم میں بھی شامل ہے۔انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ کو سال 2021 کا بہترین مرد ٹیسٹ کرکٹر قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے 2021 میں 15 ٹیسٹ میچوں میں چھ سنچریوں کی مدد سے 1708 رنز بنائے۔ روٹ نے سری لنکا اور ہندوستان کے دوروں پر سنچری بنائی جہاں ان کی ٹیم کے دیگر بلے باز اسپنرز کے خلاف جدوجہد کرتے رہے۔ ہندوستان کے خلاف سیریز میں بھی انہوں نے ایک اننگز میں پانچ وکٹوں کے ساتھ مجموعی طور پر 14 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد جب ہندوستانی ٹیم انگلینڈ گئی تو بھی انہوں نے سنچری بنائی۔اعزاز حاصل کرنے کے بعد روٹ نے بتایاکہ "چنئی کی جانب سے سنچری میرے لیے سب سے یادگار تھی، کیونکہ یہ میرا 100 واں میچ تھا اور بہت مشکل حالات میں آیا، مجھے اس ایوارڈ پر بہت فخر ہے، یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے۔”دوسری جانب اگر ہم محدود اوورز کی کرکٹ کی بات کریں تو یہاں پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو سال کا بہترین مینز ون ڈے کرکٹر اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو بہترین ٹی ٹوئنٹی کرکٹر قرار دیا گیا۔ بابر نے 2021 میں چھ ون ڈے میچوں میں 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنائے۔ انہوں نے ایجبسٹن میں انگلینڈ کے خلاف 158 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔محمد رضوان نے 2021 کے 29 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 73.66 کی شاندار اوسط اور 134.89 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 1326 رنز بنائے۔ انہوں نے وکٹ کے پیچھے رہتے ہوئے 22 کھلاڑیوں کو آؤٹ بھی کیے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران ان کی کارکردگی اور بھی متاثر کن رہی جہاں انہوں نے چھ میچوں میں 281 رنز بنائے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک سال میں 1000 سے زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے واحد کرکٹر بھی بن گئے۔ رضوان نے یہ ٹائٹل جیتنے کے بعد ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں اس ایوارڈ کے لیے اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی مدد اور تعاون سے یہ کارکردگی ممکن ہوئی۔ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور میں یہ ایوارڈ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے نام کرتا ہوں۔جنوبی افریقہ کے ینیمان ملان کو ابھرتے ہوئے مینز کرکٹ آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے رواں سال 17 بین الاقوامی میچوں میں دو سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 715 رنز بنائے۔ دوسری جانب پاکستان کی فاسٹ باؤلر آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کو سال کی بہترین نوجوان خاتون کرکٹر قرار دیا گیا ہے۔ 20 سالہ فاطمہ نے 2021 میں 16 بین الاقوامی میچوں میں 165 رنز بنائے اور 24 وکٹیں بھی لیں۔عمان کے کپتان ذیشان مقصود بہترین ایسوسی ایٹ مرد کرکٹر قرار پائے۔ انہوں نے 2021 میں 13 محدود اوورز کے میچوں میں 31.60 کی اوسط سے 316 رنز بنائے اور 18.80 کی اوسط سے 21 وکٹیں بھی لیں۔ 51.57 کی اوسط سے 361 رنز بنانے والی آسٹریا کی اینڈریا مے زیپیڈا کو بہترین ایسوسی ایٹ خاتون کرکٹر کا ایوارڈ دیا گیا۔