سابق آئی پی ایس افسر اسیم ارون نے بی جے پی کی رکنیت حاصل کی
لکھنؤ:جنوری۔اترپردیش میں اسمبلی انتخابات سے قبل انڈین پولیس سروس(آئی پی ایس) سے وی آر ایس لینے والے سینئر افسر اسیم ارون نے اتوار کو بی جے پی کی رکنیت حاصل کرلی۔مانا جاتا ہے کہ دلت سماج سے آنے والے ارون کو بی جے پی ان کے آبائی ضلع قنوج سے انتخابی میدان میں اتار سکتی ہے۔ ارون نے حال ہی میں پولیس سروس سے وی آر ایس لیا تھا۔ وہ کانپور کے پولیس کمشنر تھے۔بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کی موجودگی میں ارون کو پارٹی کی رکنیت دلائی۔ اس موقع پر سنگھ نے کہا کہ ارون جیسے ایماندار اورمحنتی افسر کو بی جے پی میں آنے سے پارٹی کارکنوں کو مثبت توانائی ملے گی۔ٹھاکر نے ارون کا بی جے پی میں استقبال کرتے ہوئےکہا کہ پارٹی میں ان کے شامل ہونے سے پورے ملک میں نوجوانوں کو جوڑنے کی مہم کو رفتار ملے گی۔ ٹھاکر نے سماج وادی پارٹی(ایس پی) کو فسادیوں کی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایس پی کے سماج واد کا اصل کھیل ہے کہ ان کے امیدوار یاتو جیل میں ہیں یا بیل پر ہیں۔انوراگ ٹھاکر نے گینگسٹر ایکٹ میں ہفتہ کو گرفتار کئے گئے کیرانہ سے ایس پی امیدوار ناہید حسن اور ضمانت پر رہا اعظم عبداللہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایس پی امیدواروں کی فہرست میں شامل امیدوار حسن جیل میں ہیں نیز ایک اور ممکنہ امیدوار عبداللہ’بیل‘ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی میں فساد پھیلانے والے شامل ہوتے ہیں اور بی جے پی میں فسادیوں کو جیل بھیجنے والے شامل ہوتے ہیں۔بی جے پی اور ایس پی میں یہی فرق ہے۔اس دوران ارون نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے کرشمائی شخصیت اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی کامیاب ایڈمنسٹریٹر والی صاف شبیہ سے متاثر ہوکر بی جے پی میں آئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ارون کی وی آر ایس درخواست حال ہی میں حکومت کے ذریعہ منظور کئے جانے کے بعد 15جنوری کو ہی وہ سروس سے سبکدوش ہوئے ہیں۔