ڈیجیٹل انتخابی مہم سے بھی اکھلیش کو پریشانی:ٹھاکر
لکھنؤ:جنوری.سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو پر طنز کستے ہوئے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ہار کی خوف سے سابق وزیر اعلی کو پہلے الکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) سے شکایت رہتی تھی اب ان دنوں انہیں ڈیجیٹل انتخابی مہم بھی راس نہیں آرہی ہے۔
یوپی میں انتخابی مہم کے سہ انچارج انوراگ ٹھاکر نے اتوار کو کہا’ اب اکھلیش یادو ڈیجیٹل مہم پر بھی ٹھیکرا پھوڑ رہے ہیں جیسے پہلے ای وی ایم پر پھوڑتے تھے۔ انہیں اگر لیپ ٹاپ چلانا آتا ہے تو ڈیجیٹل انتخابی مہم سے کیوں پیچھے ہٹ رہے ہیں۔کیوں ہار کا ڈر ستا رہا ہے؟۔ سوشل میڈیا پر عطر کاروباریوں کے ساتھ اکھلیش یادو کی وائرل فوٹو کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ’عطر والے کا’متر‘(دوست) کون ہے۔جب عطر والوں کے گھر پر چھاپے پڑے تو انہوں نے عطر والوں کا ہی ساتھ دیا۔انکم ٹیکس والوں کا ساتھ نہیں دیا۔
مرکزی وزیر نے کہا’ہم سینہ ٹھونک کرکہہ ررہے ہیں کہ یوپی میں فسادیوں،مافیاؤں کے خلاف جوکاروائی چل رہی ہے۔ وہ مارچ میں جب دوبارہ ہماری حکومت بنے تب بھی جاری رہے گی۔اکھلیش یادو کے ذریعہ مفت بجلی فراہمی کے وعدے پر انہوں نے کہا کہ ان کے میعاد کار میں جب بجلی ہی نہیں آتی تھی تو اب مفت بجلی کیسے فراہم کریں گے۔
ٹھاکر نے کہاکہ ہار کا ڈر اس لال رنگ کا ستا رہا ہے جو کئی لوگوں کے خون سے جڑا ہوا ہے۔ یہ ڈر غریبوں کی زمین قبضہ کرنے کا ہے جو غریب کی روٹی چھینے کا ہے، اس کی زمین چھیننے کا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ اکھلیش حکومت میں غنڈہ راج،مافیا راج کو تحفظ دینے کا کام ہوتا تھا۔یہ ڈر آج بھی ان کے ذہن میں ہے۔