اسماعیل ھنیہ کا بھوک ہڑتالی اسیر ابو حواش کے خاندان سے رابطہ
رام اللہ،جنوری۔اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کی پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسرائیلی جیل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدی ہشام ابو حواش کے گھر والوں سے رابطہ کیا اور فلسطینی اسیر سے اظہار یکجہتی کیا۔ھنیہ نے فلسطینی اسیران کے حوالے سے حماس کے موقف کا ایک بار پھر سے اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ابو حواش کی اس جنگ میں فتح پر پورا یقین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ "حماس اسلامی جہاد تنظیم کے ارکان سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اورہم ابو حواش کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے کچھ عرب پارٹیوں سمیت دیگر ذمہ داران سے رابطے میں ہیں۔”بیان میں مزید کہا گیا کہ "ابو حواش کی کوششیں ضرور رنگ لائیں گی۔ اسیران کے خلاف اسرائیلی جرائم ضرور ایک دن ختم ہونگے۔”فلسطینی اسیر ہشام ابو حواش اپنی انتظامی گرفتاری کے خلاف 135 دنوں سے بھوک ہڑتال کئے ہوئے ہیں۔اسرائیلی حکام انتظامی حراست کا کالا قانون استعمال کرتے ہوئے فلسطینی رہنمائوں کو بغیر کسی مقدمے یا عدالت میں پیشی کے بغیر چھ ماہ قید رکھ سکتی ہے۔اسرائیلی عدالت اس قید میں غیر معینہ مدت تک چھ چھ ماہ کی توسیع کر سکتی ہے۔اسیر ابو حواش کو 27 اکتوبر 2020 کو حراست میں لیا گیا تھا اور ان کی انتظامی حراست میں دوبار توسیع کی جاچکی ہے۔ابو حواش کے خاندان نے خبردار کیا ہے کہ بھوک ہڑتال کے سبب ہشام کی جان کو خطرہ ہے اور اسرائیلی حکام کو ناجائز حراست ختم کرنا ہوگی