ٹورزم کوفروغ دینے کے لئے مل کرکام کرنے کی ضرورت:گہلوت
ماؤنٹ آبو، دسمبر ۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ریاست میں سیاحت کی ترقی کے بے پناہ امکانات کے پیش نظر سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔کل شام ماؤنٹ آبو میں شرد مہوتسو کا ورچوئل افتتاح کرتے ہوئے جناب گہلوت نے کہا کہ ریاست میں سیاحت کی ترقی کے لیے پانچ سو کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے۔ جس کے تحت 300 کروڑ سے عمومی وسائل اور 200 کروڑ سے مذہبی سیاحت کو ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہل اسٹیشن بھی ہے، ڈزرٹ بھی ہے، یہاں کا جغرافیائی محل وقوع اور آب و ہوا سیاحوں کوراغب کرنے کے لئے اپنے آپ میں اہم ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی سیاحتی مقام ماؤنٹ آبو کے باشندوں کے عمارتوں کی مرمت، تزئین ونوتعمیر کے اہم مسئلے کو حل کرنے کے لیے بلڈنگ بائی لاز کو آسان بنایا جائے گا۔ تاکہ شہریوں کو ریلیف ملے۔ یہاں کی لائف لائن سلگاؤں ڈیم پروجیکٹ کی تعمیر پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ جس سے شہریوں، سیاحوں کے لئے پینے کے پانی کامسئلہ اور جنگلات کی دولت ، جنگلی حیات سے لے کر ڈیم سے رسنے والے پانی سے نشیبی علاقوں کی آبپاشی سے بھی لوک مستفید ہوسکیں گے۔مسٹر گہلوت نے کہا کہ کورونا کی مدت کے دوران محصولات کی وصولی میں تقریباً 75 فیصد کمی کے باوجود ریاست میں ترقیاتی کاموں کو مسلسل نئی جہتیں دی جارہی ہیں۔ جس میں ضلع سروہی میں میڈیکل کالج، ٹاؤن ہال، شیو گنج میں ڈسٹرکٹ اسپتال، بتیسہ نالہ ڈیم جیسے کئی اہم پروجیکٹوں پر کام ہوا ہے۔ ماؤنٹ آبو کی ترقی کے لیے علیحدہ سے 25 کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے۔ ماؤنٹ آبو میں خاص طور پر گجرات کے سیاح آتے ہیں۔ جبکہ راجستھان کے لوگوں کی موجودگی بہت ہی کم ہے۔ اس کے پیش نظر راجستھان کے لوگوں کو بھی ماؤنٹ آبو جانے کے لئے راغب کیاجانا چاہیے۔اس موقع پر ورچوئل ذریعے سے وزیر اعلیٰ نے نکی جھیل پر واقع گاندھی واٹیکا میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ، مہاتما گاندھی لائبریری کی نقاب کشائی اور کچن گارڈن پارکنگ کاسنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ ماونٹ آبوکی ترقی کے لئے آبوڈیولپمنٹ کمیٹی کی میٹنگ طویل وقت سے زیرالتواہے۔ ان کی پوری مدت کارمیں ماونٹ آبومیں میٹنگ بلائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے بھی میٹنگ کی تھی لیکن گزشتہ سال کورونا کی وجہ سے یہ میٹنگ نہیں ہوسکی۔ میٹنگ کو مسلسل ہرسال منعقد کرنے کے لئے مسودہ تیارکیا جائے گا۔