برائن لارا اور سائمن کیٹچ حیدرآباد کے نئے اسپورٹ اسٹاف میں شامل
حیدرآباد، دسمبر۔ ایک بار کی آئی پی ایل جیتنے والی فرنچائز سن رائزرس حیدرآباد نے ویسٹ انڈین بلے باز برائن لارا کو ٹیم کا اسٹریٹجک مشیر اور بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ لارا نے فرنچائز کے نئے اسپورٹ اسٹاف میں شمولیت اختیار کی ہے، جس میں سابق ہندوستانی کرکٹر ہیمانگ بڈانی کو فیلڈنگ کوچ اور اسکاؤٹ دو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین باؤلنگ کوچ کے طور پر ٹیم کو جوائن کریں گے۔ اسٹین، لارا اور بڈانی کے علاوہ حیدرآباد فرنچائز نے آسٹریلیائی کوچ سائمن کیٹچ کو اسسٹنٹ کوچ کے طور پر شامل کیا ہے۔ کیٹچ نے حال ہی میں ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل2021 کے یو اے ای لیگ سے دستبردار ہونے سے پہلے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالا۔ 46 سالہ کیٹچ ہم وطن بریڈ ہیڈن کی جگہ لیں گے جو اس سے قبل حیدرآباد کے اسسٹنٹ کوچ تھے۔ اس کے ساتھ ہی حال ہی میں انگلینڈ کو ورلڈ چیمپئن بنانے والے کوچ ٹریور بیلس کو ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا۔ ان کی جگہ ٹام موڈی کو اس کی ذمہ داری سونپی گئی ہے،جنہیں ٹیم کا کرکٹ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کی ٹیم میں اسپورٹ اسٹاف میں بڑے پیمانے پر تبدیلی 2021 کے آئی پی ایل سیزن میں مایوس کن کارکردگی کے پیش نظر کی گئی ہے، جس میں ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے رہی۔ واضح رہے کہ وی وی ایس لکشمن کو بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ کا عہدہ ملنے کے بعد حیدرآباد کے مینٹور کا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔ تاہم حیدرآباد نے اپنے معاون عملے میں متھیا مرلی دھرن کو برقرار رکھا۔ سری لنکا کے لیجنڈری اسپنر، جو اب تک فرنچائز کے مینٹور کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، کو حکمت عملی بنانے اور اسپن بولنگ کوچ کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔