ہندوستان کے خلاف سیریز کے لئے تیار ہوں : لونگی اینگدی

جوہانسبرگ، دسمبر۔جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز لونگی اینگدی کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد ہندوستان کے خلاف آئندہ سیریز سے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔25 سالہ لونگی اینگدی پہلے ہی کئی مرتبہ چوٹ کا سامنا کرچکے ہیں جو ان کے کیریئر کو ختم کر سکتا تھا۔ انہوں نے گزشتہ پانچ ماہ سے کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ ذاتی وجوہات کی وجہ سے وہ سری لنکا کے دورے پر نہیں گئے، انہیں آئی پی ایل اور ورلڈ کپ میں کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا اور ابھی وہ کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔لونگی اینگدی نے کہا کہ میں نیدرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پرجوش تھا لیکن پھر مجھے کورونا ہو گیا۔ کورونا کے چوتھے اور پانچویں دن بہت خطرناک طریقے سے گزرے۔ تاہم بعد کے دن آسان ہو گئے۔ ہاں، مجھے آرام کرنے کے لیے ایک ہفتہ اور ملا ہے۔‘‘ انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ چھ ماہ قبل جولائی میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ انہوں نے اس سال چار ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کی نمائندگی صفر رہی ہے۔ینگدی نے چار سال قبل ٹسٹ ڈیبیو کیا تھا، لیکن اس عرصے کے دوران صرف دس ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ تاہم، اس سے پہلے مکھایا اینٹینی اور ڈیل اسٹین کے ساتھ بھی ایسا ہو چکا ہے، جب انہیں جنوبی افریقہ کے لیے پہلے دس ٹیسٹ کھیلنے کے لیے بالترتیب 32 اور 25 میچوں کا انتظار کرنا پڑا تھا۔اینگدی کے ڈیبیو کے بعد سے جنوبی افریقہ نے 26 ٹیسٹ کھیلے ہیں۔تاہم اینگدی ان کا کیریئر انجری سے زیادہ متاثر رہاہے۔ انہوں نے انجری کے باعث 19-2018میں سری لنکا اور پاکستان کے خلاف پانچ ٹیسٹ نہیں کھیلے، اسی طرح 20-2019 کے سیزن میں بھی وہ انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انجری کے باعث غیر حاضر رہے۔اس کے بعد سے، انہوں نے اپنی فٹنس برقرار رکھتے ہوئے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دو گھریلوٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔ تاہم انہیں آئی پی ایل اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران باہر بیٹھنا پڑ ا اور اس بات کو وہ بخوبی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق سے یہ میرے ساتھ ہوا۔ لیکن اگر یہ ٹیم کے لئے اچھا ہے اور ٹیم اس سے جیت جاتی ہےتو پھر اس سے اچھا کچھ نہیں ہوسکتا۔جوش ہیزل ووڈ آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے، اس لیے انھیں باہر بٹھانے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ اسی طرح ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ کے علاوہ ہماری ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ایسے میں ٹیم کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرنا مناسب نہیں ہوتا۔اینگدی نے کہا کہ جب وہ پلیئنگ الیون میں نہیں ہوتے تو وہ نیٹ میں زیادہ وقت گزارتے ہیں کیونکہ تب ان کے پاس پریکٹس کے لیے زیادہ وقت ہوتا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو ہندوستان کے خلاف ان کا انتخاب آسان نہیں ہے۔ جنوبی افریقہ کے دستے میں آٹھ تیزگیندباز ہیں جن میں سے کیگیسو ربادا اور اینریک نورتجے کا انتخاب تقریباً یقینی ہے۔ اس کے علاوہ تیزگیندبازی آل راونڈر ٹیم میں ہوسکتا ہے جس میں ویان مولڈر کا نام نمایاں ہے۔ ڈوئن آلیور کی واپسی نے اینگدی کی راہیں مشکل بنا دی ہیں۔ حالانکہ اس سے وہ فکر مند نہیں ہیں۔انہوں نے بائیو ببل کے سلسلے میں کہا، "عام طور پر، ایک دن کے کھیل کے بعد، آپ شام کو چہل قدمی کے لیے باہر جا سکتے ہیں، کھانے کے لیے کسی اچھے ریسٹورنٹ میں جا سکتے ہیں یا اس طرح کی سیر کے لیے باہر جا سکتے ہیں۔” لیکن بائیو ببل میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ آپ کو صرف ٹیم ہوٹل اور اسٹیڈیم تک محدود رہنا ہوگا۔ اب آپ کو کارکردگی اور انتخاب کے ساتھ ساتھ بایو ببل کی فکر کرنی ہوتی ہے۔ کبھی ایسا لگتا ہے کہ کمرے کی چار دیواری آپ سے ٹکرانے آ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کھلاڑی ایسے وقت میں ٹور سے باہر ہونے کا فیصلہ کرتا ہے تو اس کا احترام کیا جانا چاہیے کیونکہ ذہنی طور پر ایسا کرنا بالکل آسان نہیں ہے۔

Related Articles