وزیر اعظم مودی کا کاشی وشوناتھ کاریڈور کا افتتاح کیا
وارانسی:دسمبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے وارانسی میں اپنے دیرینہ پروجکٹ کاشی وشوناتھ دھام کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کاریڈور ہندوستان کو ایک فیصلہ کن سمت دےگا۔ ایک روشن مستقبل کی طرف لےجائے گا۔ یہ گلیارہ ہماری استطاعت اور نصب العین کا گواہ ہے کہ اگر سوچ لیا جائے اور عزم مصمم کرلیا جائے تو کوئی بھی چیز ناممکن نہیں۔رہندوستانی کی بازوؤں میں وہ طاقت ہے جو ناممکن کو ممکن بنا سکتا ہے۔ ہم ملک کے لئے دن رات ایک کرنا جانتے ہیں۔چیلنج کتنا بڑا کیوں نہ ہو ہم ہندوستانی مل کر اس سے نبردآزما ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان اپنی کھوئی ہوئی وراثت کو پھر سےسنوار رہا ہے۔کاشی وشوناتھ دھام کا یہ پورا نیا احاطہ ایک شاندار عمارت ہی نہیں ہے بلکہ ہندوستان کے سناتن تہذیب کا مظہر ہے۔ آپ یہاں جب آئیں گےتو صرف عقیدے کا درشن نہیں کریں گے بلکہ یہاں اپنے ماضی کے افتخار کا احساس ہوگا۔آپ کو معلوم ہوگا کہ کس طرح قدیم اور جدید ایک ساتھ زندہ ہورہے ہیں۔کس طرح آثار قدیمہ کی ترغیب مستقبل کو سمت دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے جو یہاں مندر کا رقبہ صرف 3ہزار مربع فٹ تھا اب وہ تقریبا 5لاکھ مربع فٹ کا ہوگیا ہے اب مندر اور مندر احاطے میں 50سے 75ہزار عقیدت مند آسکتے ہیں۔یعنی پہلے گنگا میں اسنان اور پھر وہاں سے سیدھے وشوناتھ دھام۔میں آج ان مزدور بھائی بہنوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جن کا پسینہ اس کاریڈور کی تعمیر میں بہا ہے۔ کورونا بحران میں بھی انہوں نےیہاں کے کام کو رکنے نہیں دیا۔ہمارے کاریگر، ہمارے انجینئر ،انتظامیہ، وہ کنبے جن کے یہاں گھر ہوا کرتے تھے میں ان تمام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان تمام کے ساتھ میں یوپی حکومت اور یوگی کی پوری ٹیم کا مشکور ہوں جنہوں نے اس کاریڈور کی تکمیل میں دن رات ایک کردیا۔