بپن راوت کا کشمیری عوام کے ساتھ گہرا تعلق تھا: لیفٹنٹ جنرل ڈی پی پانڈے

سری نگر، دسمبر۔ چنار کور کے جی او سی لیفٹنٹ جنرل ڈی پی پانڈے کا کہنا ہے کہ چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) بپن راوت کا کشمیر سے گہرا تعلق رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بپن راوت کی جدائی کشمیری عوام کیلئے ایک بڑاسانحہ ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے شیر وانی ہال بارہ مولہ میں ایک تعزیتی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ’نہ صرف بارہ مولہ بلکہ پوری کشمیری عوام کے ساتھ اُن کی والہانہ محبت تھی‘۔فوجی کمانڈر کے مطابق بپن راوت بارہ مولہ میں 5 سیکٹر کے کمانڈر رہ چکے ہیں اور اُن کا یہاں کے لوگوں کے ساتھ قریبی رابط تھا اور لوگ بھی اُنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ کسی دوسرے آرمی آفیسر کی اتنی گہری وابستگی یہاں کے لوگوں کے ساتھ رہی ہوگی جتنی بپن راوت کی تھی‘۔15کور کماندر لیفٹنٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے اس موقع پر بتایا کہ بارہ مولہ میں وہ اس قدر یہاں کے عوام کے ساتھ گل مل گئے تھے کہ آج بھی متعدد لوگوں کے ساتھ اُن کی کھینچی ہوئی تصویریں اُن کے پاس ابھی بھی محفوظ ہیں۔ لیفٹنٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے بتایا کہ اگر وادی کا کوئی بھی باشندہ اُنہیں فون کرتا تو وہ بغیر کسی تاخیر کے فون اُٹھا کر مسائل یا دیگر معاملات کو حل کرانے کی بھر پور سعی کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ محسوس کرتے ہیں کہ بپن راوت کی جدائی سے جو خلا پیدا ہو گیا ہے اُس سے پُر کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔ اُن کے مطا بق پوری قوم اُن کے شاندار کارناموں کو صدا یاد رکھیں گی۔ فوجی کمانڈر نے بتایا کہ اس دکھ سے نکلنے میں ہمیں کچھ عرصہ لگے گا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بپن راوت نے بارہ مولہ اور اوڑی میں بطور فوجی کمانڈر اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دئے اور اپنی احسن کارکردگی کی وجہ سے وہ ہمیشہ لوگوں کے اذہان و قلوب میں زندہ جاوید رہیں گے۔

 

 

Related Articles

Check Also

Close