لباس شخصیت کا تعارف ہوتا ہے !!
کچھ وقت پہلے ایک دوست کے ہمراہ ایک فاضل دانشور کی محفل میں جانا ہوا۔فاضل موصوف میرے قدیم شناساؤں میں ہیں۔اپنی مختصر عمر اور محدود مشاہدہ میں، موصوف سا مفکر ومدبر اور بے باک شخصیت کم ہی دیکھی ہیں۔ان کا حد درجہ مخلص ہونا سونے پر سہاگہ ہے۔چائے نوشی کے دوران مختلف موضوعات پر گفت و شنید ہوتی رہی۔گھنٹے ڈیڑھ گھنٹے کی نشست کے بعد ہم نے ان سے اجازت لی اور واپسی کی راہ پکڑی۔راستے میں ہمارے دوست نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ میں موصوف سے ذرا بھی متاثر نہیں ہوا۔عدم اطمینان کی وجہ جان کر تھوڑا حیران بھی ہوا لیکن پھر خیال آیا کہ زیادہ تر لوگ ظاہری تراش خراش سے ہی شخصیت کا اندازہ لگایا کرتے ہیں۔مشہور کہاوت ہے:
First impression is the last impression
"پہلا تاثر آخری تاثر ہوتا ہے”
ہم کسی بھی انسان کو ظاہری تراش خراش سے ہی 60/70 فیصد تک پہچاننے کی کوشش کرتے ہیں۔بات کرنے اور تعارف ہوجانے کے بعد یہ تناسب کم یا زیادہ ہوجاتا ہے۔لیکن ظاہری طور پر سامنے والے کی شخصیت کا Dressing sense بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے، عربی کی مشہور کہاوت ہے:
الناس باللباس۔
"انسان کی پہچان اس کے کپڑوں سے بھی ہوتی ہے۔”
آقائے دوجہاں نے اس پہلو سے بھی امت مسلمہ کی مثالی رہنمائی فرمائی ہے، آپ ? بڑے خوش لباس اور عمدہ وضع قطع والے تھے۔ ظاہری زیب وزینت کا بھرپور خیال فرماتے۔ ستھرا لباس ، خوشبو، سرمہ، تیل اور کنگھی وغیرہ کا مسلسل استعمال فرماتے۔ عیدین اور جمعہ جیسے خاص مواقع پر، سرداروں سے ملاقات کے وقت عمدہ لباس زیب تن فرماتے تھے۔ ابوالاحوص کے والد بتاتے ہیں میں گھٹیا درجے کا لباس پہن کر رسول اللہ ? کی خدمت میں حاضر ہوا، آپ نے میرے کپڑے دیکھ کر فرمایا:
آپ کے پاس مال ہے؟
میں نے کہا، جی ہاں۔
آپ نے پوچھا،
کیسا مال؟
میں نے جواب دیا:
"میرے پاس اونٹ، گائیں ، بکریاں ،گھوڑے ، غلام سب کچھ ہیں۔
اس پر آپ ?نے فرمایا:
مَن ?َنعَمَ اللّہ عَلَیہِ نِعم?ً، فَانّ اللّہ یْحِبّ ?ن یْرٰی اَثَرْ نِع?مَتِہ عَلٰی عَب?دِہ۔ (مسند احمد 438/4)
"جسے اللہ تعالیٰ نے کوئی نعمت عطا کی ہو تو اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہے وہ اپنے بندے پر اس کا اثر دیکھے۔”
یعنی انسان کے ظاہری حلیہ سے اللہ کی نعمتوں کا اظہار ہونا چاہیے، اس طور پر کہ بندے کے کپڑے اچھے ہوں، نئے نہ ہوں تو بھی صاف ستھرے ضرور ہوں، خوشبو تیل وغیرہ کا استعمال بھی اظہار نعمت کا ذریعہ ہے۔
_______ *سلیقہ زندگی*
کپڑوں کے علاوہ انسان کا Living standard بھی شخصیت شناسی کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔آسان لفظوں میں یوں سمجھیں کہ:
آپ کے کمرے کا ساز وسامان ترتیب سے رکھا ہے کہ نہیں؟
آپ کھاتے کس طرح ہیں؟
مطالعے کی میز پر کتابیں کس طرح رکھی ہیں؟
دیوار پر لگے کیلنڈر کی تاریخ درست ہے کہ نہیں؟
یہ وہ بنیادی چیزیں ہیں جن سے آج کل شخصیت شناسی کا کام لیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر انسان کا Standard طے کیا جاتا ہے۔حالانکہ ان عادات کی بنا پر کسی شخصیت کا مکمل تعارف ممکن نہیں ہے۔ یہ اوصاف کسی شخصیت کا صرف ظاہری حصہ بھر ہیں جو ایک حد تک انسان کی بعض عادتوں کا تعارف ہوتے ہیں لیکن مکمل شخصیت کا آئینہ نہیں !!
_________ شخصیت (Personality) انسان کے ذہنی، جسمانی، شخصی، برتاؤ ، رویوں، اوصاف اور کردار کے مجموعہ کا نام ہے۔آسان لفظوں میں شخصیت کی تعریف کی جائے تو انسان کی ظاہری و باطنی صفات ، فکرو نظریات، اخلاقی اقدار ، جذبات و احساسات ہی کسی انسان کا مکمل تعارف ہوتے ہیں۔ یعنی ظاہری حسن وجمال اور طرز رہائش سے وقتی طور پر کسی شخصیت کا ہلکا پھلکا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ لیکن کردار کی خوب صورتی اور فکر کی بلندی ہی شخصیت کا اصل تعارف ہوتی ہے۔کیوں کہ انسان کا کردار اور اسکی فکر ہی شخصیت کی اصل ترجمان ہوتی ہے ،انسان محض اپنے کپڑوں اور Living standard کی بنا پر نہیں بلکہ اپنے خیالات ونظریات کی بنیاد پر پہچانا جاتا ہے۔ شیخ سعدی فرماتے ہیں:
تا مردے سخن نگفتہ باشد
عیب وہنرش نہفتہ باشد
"جب تک انسان گفتگو نہیں کرتا، اس کے عیب وہنر چھپے رہتے ہیں۔”
کسی بھی شخصیت کے بارے میں اس کی فکرو نظر،اور اسکے کردار کو سامنے رکھ رائے قائم کی جائے ، کئی بار ایسا بھی ہوتا کہ اچھی فکر ونظر رکھنے والی بعض شخصیات خوش لباسی اور طرز زندگانی میں قدرے سست واقع ہوتی ہیں، ایسے میں محض ظاہرداری کی بنیاد پر ان کے بارے میں رائے قائم کرنا جلد بازی ہے۔حضرت سعدی فرماتے ہیں:
ہر بیشہ گماں مبر کہ خالی است
شاید کہ پلنگ خفتہ باشد
"ہر جھاڑی کو خالی نہ سمجھ
ممکن ہے کہ شیر سویا ہوا ہو۔”
محض سادے اور میلے کپڑے دیکھ کر ہی بندے کو "خالی” سمجھنا بڑی بھول ہے۔ آدمی کا جوہر اس کی گفتگو سے کھلتا ہے۔
یہ بات تجربہ سے ثابت ہے کہ آدمی کتنا ہی بڑا مفکر اور اعلی سوچ رکھنے والا کیوں نہ ہو، اگر وہ حد سے زیادہ سادہ ہے تو عوام سادگی کی بنا پر متاثر نہیں ہوپاتی۔اس لیے کم از کم جیسی محفل ہو اسی کے مطابق وضع قطع رکھنا بہتر ہے، عیب و ہنر تو تب کھلیں گے جب آپ کلام کریں گے اگر یہ موقع ہی نہ ملا تو مجلس میں شامل افراد آپ کو وقعت ہی نہ دیں گے۔ اس زمانے میں خوش لباسی شخصیت شناسی کا اہم حصہ ہے۔
15 ذوالحجہ 1441ھ
6 اگست 2020 بروز جمعرات