افغانستان کے ہیڈ کوچ لانس کلوزنر کا معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

کابل، نومبر۔جنوبی افریقہ کے سابق آل راؤنڈر لانس کلوزنر نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر اپنے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا موجودہ معاہدہ 31 دسمبر کو ختم ہو جائے گا۔کلوزنر کو دو سال قبل ستمبر 2019 میں اس عہدے پر مقرر کیا گیا تھا، جب فل سمنز نے 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد ٹیم کی کوچنگ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ کلوزنر نے پیر کے روز میڈیا کو ایک بیان میں کہا، ’’ٹیم کے ساتھ دو سال گزرنے کے بعد میں اپنے ساتھ کچھ یادگار لمحات ساتھ لے جاؤں گا۔ جیسے ہی میں افغانستان کرکٹ ٹیم سے دور ہوجاؤں گا میں اپنے کوچنگ کیرئیر کے اگلے مراحل اور مواقع کو دیکھوں گا-واضح رہے کہ افغانستان نے کلوزنر کی کوچنگ میں تمام فارمیٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم نے ایک ٹیسٹ، چھ میں سے تین ون ڈے اور 14 میں سے نو ٹی ٹوئنٹی میچ جیتے ہیں، جن میں ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز کی فتوحات بھی شامل ہیں۔ تاہم، حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی، جہاں وہ اپنے پانچ سپر 12 میچوں میں سے صرف دو جیتنے کے بعد ناک آؤٹ کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی ۔ کلوزنر نےاپنے 1996 سے 2004 تک اپنے کیریئر میں 49 ٹیسٹ اور 171 ون ڈے میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی اور دونوں فارمیٹس میں بالترتیب 1906 اور 3576 رن اور 80 اور 192 وکٹیں حاصل کیں۔

 

Related Articles