آئی پی ایل 2022 کا ایڈیشن چنئی میں دواپریل سے شروع ہوسکتا ہے
نئی دہلی، نومبر۔دنیا کی سب سے مقبول لیگ کرکٹ میں سے ایک، آئی پی ایل کا 2022 ایڈیشن اگلے سال 2 اپریل سے شروع ہوسکتا ہے۔سمجھا جاتا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اگلے سال 2 اپریل سے آئی پی ایل 2022 کا ایڈیشن شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، اگرچہ شیڈول کو ابھی حتمی شکل نہیں دیا گیا ہے، لیکن بی سی سی آئی نے اندرونی طور پر اہم اسٹیک ہولڈرز کو مطلع کیا ہے کہ 2 اپریل ممکنہ تاریخ ہے اور یقینی طور پراس کا آغاز چنئی سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے 15ویں ایڈیشن میں 10 ٹیمیں اور کل 74 میچزہوں گے، جبکہ آٹھ ٹیموں میں اب تک 60 میچز کھیلے جاتے رہےہیں۔کرک بز کے مطابق، بی سی سی آئی نے اندرونی طور پرتبادلہ خیال کیا ہے کہ ٹورنامنٹ 60 دن سے زیادہ چلے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 4 یا 5 جون کو ہو سکتا ہے۔ ہر ٹیم کے 14 لیگ میچ ہوں گے جن میں سات گھریلو میدان پراور سات گھر سے باہر کھیلے جائیں گے۔ چونکہ چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) دفاعی چیمپئن ہے، اس لیے چیپاک اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ کے لیے پہلی پسند ہوگا، لیکن بی سی سی آئی نے ابھی تک اس بارے میں کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ آیا چنئی کا مقابلہ ممبئی انڈینز سے ہوگا یا کسی اور سے۔قابل ذکر ہے کہ آئی پی ایل 2022 کو لے کر جوش و خروش اس لئے بھی ہے کیونکہ اس بار آئی پی ایل کا پورا سیزن ہندوستان میں ہی منعقد ہوگا۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے بھی حال ہی میں واضح کیا ہے کہ آئی پی ایل 2022 کا سیزن صرف ہندوستان میں ہی ہوگا۔ انہوں نے چنئی میں اپنے حالیہ بیان میں ہندوستان میں آئی پی ایل کی مکمل واپسی کا اعلان کیا تھا، جہاں سی ایس کے نے فائنل میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کو شکست دے کر اپنی چوتھی آئی پی ایل جیت کا جشن منایاتھا۔شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا، "میں جانتا ہوں کہ آپ سب سی ایس کے کو چیپاک میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کا انتظارکررہے ہیں۔ خیر یہ لمحہ زیادہ دور نہیں۔ آئی پی ایل کا 15 واں سیزن ہندوستان میں ہوگا اور دو نئی ٹیموں کے شامل ہونے سے یہ پہلے سے کہیں زیادہ دلچسپ ہوگا۔ ہمارے پاس ایک بڑی نیلامی ہو رہی ہے، اس لیے یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ نئے امتزاج کیسے نظر آتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ کورونا وبا کےقہر کےسبب 2020 کا پورا سیزن اور 2021 کا نصف سیزن متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہواتھا۔