چھتیس گڑھ کو ملک کا سب سے صاف ریاست کا ایوارڈ ملا
نئی دہلی، نومبر۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج یہاں چھتیس گڑھ کو صفائی کا ایوارڈ پیش کیا، جو ملک کی صاف ستھری ریاستوں کے زمرے میں سرفہرست آئی ہے۔چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے وگیان بھون میں منعقدہ سوچھ امرت مہوتسو میں صدر جمہوریہ سے یہ ایوارڈ موصول کیا۔ اس پروگرام میں ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور مرکزی وزیر مملکت کوشل کشور بھی موجود تھے۔ ان کے علاوہ چھتیس گڑھ کے شہری ترقیات کے وزیر شیو کمار ڈہریا، ایڈیشنل چیف سکریٹری سبرت ساہو، ہاؤسنگ کمشنر ایم گیتا اور سوچھ بھارت مشن کے ڈائریکٹر سومل رنجن چوبے بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب میں چھتیس گڑھ کے سب سے زیادہ 67 شہری اداروں کو بھی اپنی بہترین کارکردگی کے لیے مختلف زمروں میں ایوارڈوں سے نوازا گیا۔ اعزاز پانے والے اداروں کی تعداد کے لحاظ سے ریاست میں شہری اداروں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔اس موقع پر، مسٹر بگھیل نے کہا کہ چھتیس گڑھ نے مسلسل تیسرے سال سب سے صاف ریاست کا قومی ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ اس کا سہرا چھتیس گڑھ کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے سر جاتا ہے۔ میں خاص طور پر ریاست کی خواتین کو کریڈٹ دینا چاہوں گا، جنہوں نے شہروں سے لے کر دیہات تک صفائی کا ایک نیا کلچر بنایا ہے ۔بلدیاتی اداروں کے میئر اعجاز ڈھیبر (رائے پور)، اجے تیرکی (امبیکاپور)، چندرکانت منڈالے (بھیلئی چرودا)، رامشرن یادو (بلاسپور)، کنچن جیسوال (چیرمیری)، جانکی امرت کاٹجو (رائے گڑھ)، راج کشور پرساد (کوربا) ، ہیما سدیش دیش مکھ (راجنندگاؤں)، دھیرج باکلیوال (درگ) کے ساتھ ساتھ دیگر میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنروں، میونسپلٹی کےصدور، چیف میونسپل افسران اور نوڈل افسران نے بھی ایوارڈ حاصل کیا۔واضح رہے کہ ہاؤسنگ اور شہری امور کی مرکزی وزارت کی طرف سے ہر سال ملک کے تمام شہروں اور ریاستوں میں صفائی کا سروے کیا جاتا ہے۔ اس میں مختلف پیرامیٹرز کے تحت صفائی ستھرائی کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ بنیادی طور پر گھر گھر کوڑا اٹھانا، فضلات کو سائنسی طریقے سے ضائع کرنا، کھلے میں رفع حاجت سے پاک شہر، کوڑا کرکٹ سے پاک شہر وغیرہ نیز تھرڈ پارٹی اسیسمنٹ کے ذریعے باشندگان کی آراء بھی اس میں شامل کی جاتی ہیں۔ اس بنیاد پر ریاستوں اور شہروں کی درجہ بندی جاری کرکے بہترین کارکردگی پیش کرنے والی ریاستوں اور شہروں کو انعام دیا جاتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ سال 2019 اور 2020 میں بھی ریاست چھتیس گڑھ صفائی کے سروے میں سر فہرست رہی ہے اور اسے یہ ایوارڈ دیا گيا ہے۔