راج کمار راؤ کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا
ممبئی،نومبر۔میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بولی وڈ اداکار راج کمار راؤ اور پترا لیکھا پال کی شادی کی تقریبات کا آغاز 13 نومبر سے ہوا اور 15 نومبر کو شادی کی مرکزی رسومات ہوں گی۔’ہندوستان ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ راج کمار راؤ کے فین ٹوئٹر ہینڈل سے ان کی شادی کے دعوت نامے کو شیئر کیا گیا، جس میں شادی کی تاریخ 15 نومبر درج ہے۔راج کمار راؤ کی شادی کے وائرل ہونے والے دعوت نامے کے مطابق ان کی شادی ریاست پنجاب اور ہریانہ کے دارالحکومت ’چندی گڑھ‘ کے پرتعیش مقام پر ہوگی۔دعوت نامے میں رسومات کا وقت نہیں بتایا گیا، تاہم اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اداکار اور اداکارہ نے 13 نومبر کو منگنی کرکے شادی کی تقریبات کا آغاز کیا تھا۔اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ راج کمار راؤ اور پترا لیکھا پال نے 13 نومبر کو منگنی کرکے اپنی شادی کی تقریبات کا آغاز کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کی شادی کی مرکزی تقریب 15 نومبر کو چندی گڑھ کے اوبرائے سکھ ولاس سپا ریزورٹ میں ہوگی جو کہ امیر لوگوں کی شادی کی تقریبات کے لیے اولین پسند رہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کی شادی کی تقریب میں معروف بولی وڈ شخصیات سمیت ان کے رشتے دار بھی شریک ہوں گے اور اداکار و اداکارائیں وہاں پہنچنا شروع ہو چکی ہیں۔ان کی شادی کی تقاریب کی وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں راج کمار اور پترا لیکھا کو ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔دونوں کی شادی کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئیں اور تقریبا تمام ویب سائٹس، اخبارات اور ٹی وی چینلز نے بتایا کہ ان کی شادی کی تقریبات شروع ہو چکیں۔تاہم دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر منگنی یا شادی سے متعلق کوئی پوسٹ یا تصویر شیئر نہیں کی۔میڈیا نے رواں ماہ نومبر کے آغاز میں خبر دی تھی کہ دونوں رواں ماہ کے وسط تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔رپورٹس تھیں کہ ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز 10 نومبر کو ہوگا جو کہ 12 نومبر تک جاری رہیں گی۔پترا لیکھا اور راج کمار راؤ کے درمیان گزشتہ ایک دہائی سے تعلقات ہیں اور دونوں کو انتہائی قریب سے بھی دیکھا جاتا رہا ہے۔تین سال قبل 2018 میں اداکارہ پترا لیکھا نے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بتایا تھا کہ اگرچہ دونوں کا شادی کا ارادہ ہے مگر فی الحال دونوں اپنے کیریئر پر توجہ دینے میں مصروف ہیں۔اداکارہ نے کہا تھا کہ دونوں کم از کم 5 سال تک شادی نہیں کریں گے۔اداکارہ پترا لیکھا پال نے 2014 میں ہنسل مہتا کی فلم ’سٹی لائٹس‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اب تک ان کی ایک درجن کے قریب فلمیں سامنے آئی ہیں۔راج کمار راؤ نے 2010 سے پولیٹیکل تھرلر فلم ’رن‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک وہ تین درجن سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں۔راج کمار راؤ زیادہ تر معاون کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں، تاہم انہوں نے ایک درجن سے زائد فلموں میں مرکزی کردار بھی ادا کیے ہیں۔