’اقرباء پروری میرے کچھ کام نہیں آئی، 100 بار آڈیشن میں مسترد ہوا
کریئر بطور بیک گرآنڈ ڈانسر شروع کیا شاہد کپور نے بالی ووڈ میں آنے کی کہانی سنادی
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ کے متعدد ڈائریکٹرز، پروڈیوسرز اور سینئر اداکار اقرباءپروری کے الزام کی زد میں رہتے ہیں اور ان میں کافی کچھ حقیقت بھی ہے۔تاہم معروف اداکار شاہد کپور کا کہنا ہے کہ اقرباءپروری ان کے کام نہیں آئی اور وہ شدید تگ و دو کے بعد انڈسٹری میں قدم جمانے میں کامیاب ہوئے۔رپورٹ کے مطابق شاہد کپور نے بیک گرآنڈ ڈانسر سے کیریئر کا آغاز کیا اور آڈیشنز دینے شروع کیے۔ 100بار مسترد ہونے کے بعد بالآخر انہیں چانس ملا۔ شاہد کپور کہتے ہیں کہ ’’عشق وشک نے میری زندگی ہی بدل ڈالی۔ اس وقت نئے لوگوں کو انڈسٹری میں قبول نہیں کیا جاتا تھا۔ میرے ساتھ بھی ایسا ہی معاملہ ہوا۔ مجھے لگتا تھا کہ کوئی مجھے چانس ہی نہیں دے گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ’’میں نے اشتہارات اور میوزک ویڈیوز کرنی شروع کیں اور ان کے ذریعے میں انڈسٹری کے لوگوں کو نظر آنے لگا اور مجھے آڈیشنز کا موقع ملنے لگا۔ فلم عشق وشک میں چانس ملنے سے قبل مجھے 100بار مسترد کیا گیا تھا۔‘‘ رپورٹ کے مطابق عشق وشک میں شاہد کپور نے ایسی شاندار پرفارمنس دکھائی تھی کہ انہیں بہترین ڈیبیو اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔‘‘شاہد کپور نے کہا کہ ’’ہر کوئی سوچتا ہے کہ مجھے پنکج کپور کا بیٹا ہونے کا فائدہ ملا ہو گا مگر ایسا بالکل نہیں ہے۔ میں نے کسی بھی نئے اداکار کی طرح انڈسٹری میں کام حاصل کرنے کے لیے سخت جدوجہد کی ہے۔ ان دنوں میرے پاس کھانے اور آڈیشنز پر جانے کے لیے پیسے نہیں ہوتے تھے۔میں نے وہ زندگی بھی گزاری ہے۔ مجھے اپنی زندگی کے اس وقت کے بارے میں بات کرنا پسند نہیں ہے، تاہم یہ ایک حقیقت ہے کہ میں نے شناخت ملنے سے پہلے بہت کٹھن وقت گزارا ہے۔‘‘