پاکستانی ویمن کرکٹر سر پرگیند لگنے سے زخمی ہوگئیں

کراچی،اکتوبر۔پاکستانی ویمن کرکٹر بسمہ امجد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی اکیڈمی میں سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئیں۔رپورٹ کے مطابق پی سی بی ریجنل اکیڈمی سندھ میں ٹریننگ کیمپ کے دوران سر پر گیند لگنے سے بسمہ امجد زخمی ہوگئی تھیں۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے کے بعد بسمہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کے علاج پر 54 ہزار روپے بل بن گیا تاہم بورڈ آفیشلز کی جانب سے بل کی ادائیگی سے انکار پر ویمن کرکٹر رونے لگیں جس پر کسی اور نے ان کا بل ادا کیا۔سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد اب پی سی بی کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔ٹوئٹر پر ایک بیان میں پی سی بی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ سندھ ریجنل اکیڈمی میں خواتین کے تربیتی کیمپ کے دوران بسمہ امجد کو سر پر چوٹ لگ گئی تھی۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ ایک ذمہ دار ادارے کے طور پر بسمہ امجد کی صحت اور علاج کے اخراجات کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔

 

Related Articles