کین ولیمسن ٹی 20 ورلڈ کپ میں کچھ میچوں سے باہر ہو سکتے ہیں
شارجہ ، اکتوبر ۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے کچھ میچوں سے باہر ہو سکتے ہیں۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا کہ ولیمسن کو چوٹ کی وجہ سے کچھ میچوں سے آرام دیا جا سکتا ہے۔ اسٹیڈ نے جمعرات کو یہاں ایک بیان میں کہا ، ’’ ہم ولیمسن کے ساتھ کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے ، اس لیے انہیں احتیاط کے طور پر انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ ہم اب بھی اس امید کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں کہ اگر انہیں کافی آرام دیا جائے تو وہ کھیلنے کے لیے فٹ ہو سکتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں کچھ میچوں سے بھی باہر رکھا جا سکتا ہے۔ ان کا ٹیم میں ہونا نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لیے بہت اہم ہے۔ وہ نہ صرف ٹیم کے اہم بلے باز ہیں بلکہ شاندار کپتان بھی ہیں۔ کوچ نے کہا ، ولیمسن ایک ایسے کھلاڑی ہیں جن میں خود اپنے دم پر میت جیتانے کی صلاحیت ہے لیکن انکی ہیمسٹرنگ اور کہنی کی چوٹ نے ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ اگر وہ مکمل طور پر فٹ نہیں ہوتے ہیں تو ٹیم کی پہلی ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کی امیدوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ ان کی چوٹ کی مکمل نگرانی کرے گا۔ ان کا ورک لوڈ کم کرنے کے لئے انہیں ٹی 20 ورلڈ کپ کے کچھ میچوں سے بھی آرام دیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اس سال ہندوستان کو شکست دے کر عالمی ٹسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ابھی تک ایک بھی عالمی کپ خطاب نہیں جیتا ہے۔