امریکی ریپر کانیے ویسٹ کا نام تبدیل

لاس اینجلس ،اکتوبر۔امریکہ کے مشہور گلوکار اور ریپر کانیے ویسٹ نے باضابطہ طور پر اپنا نام تبدیل کر کے یے رکھ لیا ہے اور اب انہیں اس نئے نام سے پکارا جائے گا۔خبر وں کے مطابق لاس اینجلس کی ایک عدالت نے 44 سالہ گلوکار کی نام تبدیل کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں نام کی تبدیلی کی اجازت دے دی ہے۔یے نے رواں برس اگست میں عدالت میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنا نام تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ کانیے ویسٹ یے کی عرفیت سے جانے جاتے تھے اور انہوں نے 2018 میں ایک البم ریلیز کیا تھا جس کا نام یے رکھا تھا۔عدالت سے نام کی تبدیلی کی باضابطہ اجازت ملنے کے بعد گلوکار کا نام صرف یے ہو گا اور ان کے نام میں نہ تو لاسٹ اور نہ ہی مڈل نیم ہو گا۔امریکی گلوکار نے 2018 میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے نام کے لیے یے کے استعمال کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ لفظ یے بائبل میں کئی مقامات پر آیا ہے جس کے معنیٰ آپ کے ہیں۔ لہٰذا یے آپ بھی ہیں، میں بھی ہوں اور ہم بھی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کانیے کا مطلب ایک کے ہیں جو آپ کی اچھائیوں اور برائیوں کا عکاس ہے۔واضح رہے کہ رواں برس یے اپنے فن کے بجائے اپنی گھریلو زندگی کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہے تھے جس کی وجہ ان کی لگ بھگ ایک دہائی تک پارٹنر رہنے والی معروف ماڈل کم کارڈیشین کی جانب سے علیحدگی کے لیے دائر کردہ درخواست تھی۔کم کارڈیشین اور یے کے چار بچے بھی ہیں۔ کم کی جانب سے علیحدگی کے لیے درخواست دائر کرنے سے قبل کئی ماہ تک اس جوڑے کے درمیان کشیدگی کی خبریں آتی رہی تھیں۔یے گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ بزنس مین بھی ہیں۔ امریکی جریدے بلوم برگ کی ایک رپورٹ کے مطابق فیشن اور ایتھلیٹک جوتوں کے کاروبار سے منسلک یے کے گزشتہ برس اثاثوں کی مالیت 6.6 ارب ڈالر تھی۔امریکہ میں گزشتہ برس ہونے والے صدارتی انتخابات میں یے نے نامزدگی حاصل کرنے کے لیے ناکام کوششیں بھی کی تھیں اور ان کا انتخابی نعرہ یس تھا۔

 

Related Articles