گجرات کی پیکیجنگ فیکٹری میں زبردست آتشزدگی، دوافرادکی موت، 72 بچائے گئے

سورت اکتوبر۔گجرات میں سورت میٹروپولیٹن کے قریبی کڈودرا انڈسٹریل ایریا میں ایک پیکیجنگ کمپنی کی فیکٹری میں آج علی الصبح لگنے والی آگ میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 70 سے زائد مزدوروں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔سورت میٹروپولیٹن بلدیہ کے ڈویژنل فائر آفیسر ایشور پٹیل نے یو این آئی کو بتایا کہ سورت شہر سے تقریبا 18 کلومیٹر دور بارڈولی روڈ پر واریلی گارڈن کے قریب جی آئی ڈی سی ایریا میں واقع ڈیوا پیکجنگ کمپنی کی پانچ منزلہ عمارت کے تہہ خانے میں علی الصبح تقریباً دوبجے ممکنہ شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگی۔ اس کی اطلاع فائر آفس کو شام تقریبا پونے پانچ بجے موصول ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ ایک جلی ہوئی لاش بیس مینٹ سے ملی جبکہ ایک خوفزدہ کارکن کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگانے کے بعد موت ہوگئی۔ آگ سے پورا تہہ خانہ جل گیا۔ باقی عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ بیس مینٹ کے باہر واقع ایک درخت کے بھی آگ کی زدمیں آنے سے اس کی لپٹیں چوتھی منزل تک آنے لگیں تو ڈرکرایک کارکن اوپر سے کود گیا۔ اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔تقریبا 16 فائر فائٹنگ گاڑیاں اور 100 افسران -اہلکاروں نے پانچ گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ عمارت میں پھنسے تمام 72 افراد کو بحفاظت باہرنکال لیا گیا۔ دھوئیں سے متاثرہ دو سے تین افراد کو ہسپتال لے جایا گیا ہے، لیکن آگ سے ایک مرنے والے شخص کے علاوہ کوئی دیگرجلانہیں ہے۔مسٹرپٹیل نے بتایا کہ تہہ خانے میں پلاسٹک اور دیگر آتش گیر اشیاء کی موجودگی کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ عمارت میں آگ سے بچنے کے لیے مناسب سہولیات بھی نہیں تھیں۔ خوش قسمتی سے ہوا کی سمت کی وجہ سے آگ نے مزید شدت اختیار نہیں کی اور جدید ہائیڈرولک آلات کے ذریعہ لوگوں کو اوپر سے جلد ہی بحفاظت باہرنکال لیاگیا۔واضح رہے کہ گجرات کے سورت شہر میں ہی مئی 2019 میں ایک کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں آگ لگنے کے واقعہ میں 22 بچوں کی موت ہوگئی تھی۔ ابھی حال ہی میں ایک انکوائری کمیشن نے سورت اوراحمدآباد کے دواسپتالوں میں آگ سے ایک درجن سے زائد کورونا مریضوں کی موت کے معاملے میں انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

Related Articles