آئرلینڈ کی بلے باز ایمی ہنٹر سینچری بنانے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئیں
ہرارے،اکتوبر۔آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی بلے باز ایمی ہنٹر ون ڈے کرکٹ میں سینچری بنانے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئی ہیں۔ایمی نے پیر کو زمبابوے کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 121 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔ انہوں نے اپنی 16 ویں سالگرہ پر نہ صرف اپنی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ بھارت کی متھالی راج کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔متھالی 1999 میں آئرلینڈ کے خلاف سینچری بنانے والی کم عمر ترین کھلاڑی تھیں اور انہوں نے یہ کارنامہ اس وقت انجام دیا تھا جب ان کی عمر 16 برس اور 205 دن تھی۔مردوں کی کرکٹ میں کم عمری میں سینچری بنانے کا اعزاز پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو حاصل ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ 1996 میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچ میں اس وقت انجام دیا تھا جب ان کی عمر 16 سال اور 217 دن تھی۔البتہ ایمی ہنٹر نے سینچری بنا کر کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ ان کے ون ڈے کریئر کا یہ چوتھا میچ تھا جس میں انہوں نے 127 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔ہنٹر کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے نصف سینچری مکمل کی تو سوچ لیا تھا کہ وہ کریز پر موجود رہیں گی اور جب سینچری بن گئی تو انہیں یقین نہیں ہو رہا تھا۔ان کے بقول سینچری بنانے کے بعد مجھے نہیں معلوم تھا کہ مجھے کرنا کیا ہے بس میں نے ہیلمٹ اتارا اور اسے ہوا میں بلند کر دیا۔ ہنٹر کا مزید کہنا تھا کہ نصف سینچری بنانے کے بعد وہ بہت زیادہ پریشان تھیں کیوں کہ ابتدائی تین ون ڈے میچز میں ان کی کارکردگی اچھی نہیں تھی لیکن ففٹی سے سینچری تک رنز کس طرح بنے اس کا انہیں بھی نہیں معلوم۔ہنٹر کی شاندار سینچری کی بدولت آئرلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم آٹھ وکٹوں پر 227 رنز بنا سکی اور اسے 85 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس کامیابی کے ساتھ آئرلینڈ نے چار ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز بھی تین ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔