فضائیہ کا مگ 21 جنگی طیارہ گر کر تباہ

سری گنگا نگر، مئی۔فضائیہ کا جنگی طیارہ مگ 21 آج صبح راجستھان کے ہنومان گڑھ ضلع میں صدر تھانہ علاقہ کے تحت بہلول نگر گاؤں میں ایک رہائشی مکان پر گر کر تباہ ہوگیا۔فضائیہ کے مطابق مگ 21 طیارہ تربیتی پرواز پر تھا کہ سورت گڑھ کے قریب اچانک گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں پائلٹ پیراشوٹ سے بحفاظت چھلانگ لگا کر بچ گیا، اسے معمولی چوٹیں آئی ہیں۔فضائیہ نے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثے میں 3 خواتین کی موت ہوگئی جب کہ مگ 21 کے پائلٹ سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔مگ 21 طیارے نے صبح سری گنگا نگر ضلع کے سورت گڑھ سب ڈویژن علاقے میں ایئر فورس کے بیس اسٹیشن سے معمول کی پرواز کی تھی۔ اس کے کچھ دیر بعد ہی طیارہ ہنومان گڑھ ضلع کے صدر تھانہ علاقے کے بہلول نگر گاؤں میں رتن سنگھ رائے سکھ کے گھر پر گر گیا۔اس سے قبل، پائلٹ نے بحفاظت پیراشوٹ سے چھلانگ لگادی اور قریبی گاؤں مسرو والا کے قریب اتر گیا لیکن اس دوران وہ زخمی ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں میں زمیندار رتن سنگھ کی بیوی بنسوکور، دیگر خواتین لیلا دیوی اور بنت کور شامل ہیں۔ زخمیوں میں رتن سنگھ کی بیٹی وملا (22) اور دو دیگر شامل ہیں۔بہلول نگر گرام پنچایت کے سرپنچ گرلال سنگھ نے بتایا کہ صبح تقریباً 8:30 بجے فضا میں اڑنے والا مگ 21 طیارہ رتن سنگھ کے گھر پر گرا۔ گرتے ہی طیارے میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں گھر کا بہت سا سامان جل گیا۔ گاؤں والوں کی بھیڑ موقع پر جمع ہو گئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فضائیہ کے افسران فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوگئے، ہنومان گڑھ ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اس دوران گاؤنوالوں نے خود ہی بھاگ دوڑ کرکے رتن سنگھ کے گھر کی آگ بجھائی۔

Related Articles