اپنے بے باک انداز سے ناظرین کے درمیان کرینہ نے خاص شناخت بنائی

(سالگرہ 21 ستمبر کے موقع پر)

ممبئی،بالی ووڈ میں کرینہ کپور کو ایک ایسی اداکارہ کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اداکاراؤں کو فلموں میں روایتی طور پر پیش کئے جانے کے طریقوں کو تبدیل کرتے ہوئے اپنی بے باک اداکاری سے ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی ممبئی میں 21 ستمبر 1980 کو پیدا ہونے والی کرینہ کپور کو اداکاری کا فن وراثت میں ملا۔ ان کے والد رندھیر کپور اداکار جبکہ ماں ببیتا اور بہن کرشمہ کپور معروف فلم اداکارہ تھیں۔ گھر میں فلمی ماحول رہنے کی وجہ سے کرینہ اکثر اپنی بہن کے ساتھ شوٹنگ دیکھنے جایا کرتی تھیں۔ اس وجہ سے ان کا بھی رجحان فلموں کی جانب ہو گیا اور وہ بھی اداکارہ بننے کے خواب دیکھنے لگی۔

کرینہ کپور نے بطور اداکارہ اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2000 میں آئی فلم ریفیوجی سے کیا۔ اس فلم میں ان کے ہیرو کا کردار ابھیشیک بچن نے ادا کیا تھاجو ان کی بھی پہلی فلم تھی۔ فلم کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔ 2001 میں آئی فلم مجھے کچھ کہنا ہے کرینہ کے کیریئر کی پہلی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔
2001 میں کرینہ کو سبھاش گھئی کی فلم یادیں میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن کمزورا سکرپٹ کی وجہ سے یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر اوندھے منہ گری۔ اسی برس ان کی کبھی خوشی کبھی غم اور اجنبی جیسی سپر ہٹ فلمیں بھی ریلیز ہوئیں لیکن کامیابی کا کریڈٹ انہیں کم فلم اداکاروں کو زیادہ دیا گیا۔
سال 2002 کرینہ کپور کے کیریئر کے لئے اہم سال ثابت ہوا۔ اس برس ان کی جینا صرف میرے لئے اور مجھ سے دوستی کرو گے جیسی ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ 2003 میں کرینہ کو سورج بڑجاتیا کی فلم میں پریم دیوانی میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں رتیک روشن اور ابھیشیک بچن جیسے ستارے ہونے کے باوجود یہ فلم کے ٹکٹ کھڑکی پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔
سال 2004 میں کرینہ کی اداکاری کے نئے طول و عرض دیکھنے کو ملے۔ اس برس کرینہ کی یووا، چمیلی، ہلچل اور اعتراض جیسی سپر ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ سدھیر مشرا کی ہدایت کاری میں بنی فلم چمیلی میں کرینہ نے اپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کا دل جیت لیا۔ فلم میں ان کی بااثر اداکاری کے لیے انہیں فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔
سال 2006 میں کرینہ کپور کی سپر ہٹ فلم اومکارہ ریلیز ہوئی۔ وشال بھاردواج کی ہدایت کاری میں بنی فلم اومکارا میں کرینہ کو ان کی اثر انگیز اداکاری کے لیے فلم فیئر کا کریٹکس ایوارڈ ملا۔ اسی برس آئی فلم ڈان میں کرینہ کپور نے کیمیوکیا۔ اس فلم میں کرینہ نے ہیلن کے سپر ہٹ گانے ..یہ میرا دل یار کا دیوانہ ..پر رقص کرکے ناظرین کو مسحور کر دیا۔
2007 میں آئی فلم جب وی میٹ کرینہ کپور کے کیریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ امتیاز علی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں کرینہ کے ہیرو شاہد کپور تھے۔ دونوں کی جوڑی کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔ اس فلم کے لیے کرینہ کپور کو بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔

 

Related Articles