تیونس: تارکین کی دو کشتیاں ڈوبنے سے 14 افراد ہلاک

تیونس،مارچ۔تیونس میں مسلسل دو روز کے دوران تارکین وطن کی دو کشتیاں ڈوب گئیں جن میں مجموعی طور 14افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 54افراد کو بچالیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تیونس کے ساحل سفیکس میں گزشتہ دو روز میں تارکین وطن کی دو کشتیاں ڈوب گئیں۔ پہلے واقعے میں 3افراد ہلاک ہوئے جبکہ 34 کو بچالیا گیا جب کہ دوسرے واقعے میں 11ہلاک اور 20 افراد کو بچالیا گیا۔تیونس کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے بتایا کہ صحارا افریقہ سے آنے والی تارکیں وطن کی 14 کشتیوں کو واپس بھیجا گیا جس کے باعث 435 افراد کی جان بچ گئی تاہم دو کشتیاں ڈوب گئیں۔افریقی ممالک سے اچھے اور محفوظ مستقبل کی تلاش میں سالانہ 10 ہزار سے زائد افراد غیر قانونی طور پر یورپی ممالک کا رخ کرتے ہیں۔ تیونس کے ساحل سے اٹلی کا جزیرہ لیپڈوسا 130 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

Related Articles