ہاکی انڈیا اور ساتھیوں نے بھرپور تعاون کیا :منپریت

بنگلور ، ہندوستانی مینز ہاکی ٹیم کے کپتان منپریپت سنگھ نے کہا ہے کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں کورونا سے متاثر ہونے کے دوران ایک جامع نظام کی سہولت حاصل رہی جس سے ان کی طبیعت کی مستقل نگرانی میں مدد ملی ۔واضح رہے کہ ایک مہینے قبل کپتان منپریت اور پانچ دیگر کھلاڑیوں کو کوویڈ 19 وائرس سے متاثر پایا گیا تھا ۔
جب ان سے دریافت کیا گیا کہ وہ علاج کے دوران اسپتال میں گزارے گئے وقت اور اس کے بعد ایس اے آئی ، بنگلور میں آئسولیشن میں گزارے گئے وقت کی وضاحت کریں جب کہ ان کے باقی ساتھیوں نے کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کردی تھیں تو ان کا فوری ردعمل تھا کہ "یہ آسان نہیں تھا ، خاص طور پر ذہنی طور پر”۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ایک ماہ سے کچھ نہیں کیا اور اسپورٹس پرسن کے کیریئر میں یہ خاصا طویل وقت ہو تا ہے جب ہر دن بہتر بنانے اور بہترین ہونے کے بارے میں کارروائی جاری رہتی ہے۔سچ پوچھیں تو ابتدا میں جب نتائج سامنے آئے تو ہم پر تھوڑا سا دباؤ پڑا تھا۔ لیکن ہاکی انڈیا کے عہدیداروں خصوصا سی ای او (ایلینا نارمن) نے ہمیں ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی اور ہمیں کہا کہ ہاکی کے بارے میں فکر مند نہ ہوں کہ یہ کیسے ہمارے مستقبل کو متاثر کرے گا۔
ہاکی انڈیا کے عہدیدار تقریبا ہر روز ہم سے ملتے تھے اور دریافت کرتے تھے کہ ہمیں فراہم کیا جانے والا کھانا اچھا ہے ، آیا ہمارا ٹیلی ٹریٹمنٹ باقاعدگی سے کیا جاتا ہے ، ہم باقاعدگی سے اپنے آکسیجن کی سطح کی نگرانی کر رہے ہیں وغیرہ۔ کوچنگ عملہ اور ساتھی بھی ویڈیو کالز کے ذریعے ہم سے ملاقات کرتے۔ ان چیزوں نے واقعی حوصلہ افزائی کرنے میں ہماری مدد کی۔ اگرچہ اس بات کا ملال ہوتا تھا کہ ہمارے تمام ساتھی میدان پہنچ گئے جب کہ ہم ابھی بھی آئسولیشن میں تھے ، مجھے لگتا ہے کہ اس تجربے نے مجھے کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے ذہنی طور پر مضبوط تر کر دیا ہے۔آئسولیشن مکمل کرنے پر منپریت اور پانچ دیگر ساتھیوں کی دوبارہ جانچ کی گئی جس کے بعد ڈاکٹروں نے اعلان کردیا کہ وہ دوبارہ کھیل سرگرمیاں شروع کرنے کے قابل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے ذاتی تجربے کی بنا پر کہہ سکتا ہوں کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمیں بہترین نگہداشت حاصل رہی ۔ لاک ڈاون میں ہاکی انڈیا اور ایس اے آئی کے مابین بہتر تال میل سے کھلاڑیوں کے مفاد کو اولین ترجیح دی گئی۔ ہماری فٹنس کو برقرار رکھا گیا۔
جب ہم واپس آئے تو حکام نے یقینی بنایا کہ ہم سب کی جانچ کی جائے ، بہترین نگہداشت فراہم کی جائے اور کیمپس میں ایک بایو سیکیور ببل قائم کیا جائے تاکہ ہمیں وائرس سے بچایا جاسکے۔ کھیلوں کی سرگرمیوں میں واپسی کے لئے ایس او پی کو ہاکی انڈیا نے پہلے ہی بہتر انداز میں تیار کیا تھا اور ایس اے آئی نے وقت کے ساتھ اس کی منظوری دے دی تھی تاکہ ہماری اولمپک تیاری میں رکاوٹ نہ پڑے اور ہمارے پاس مقابلہ شروع ہونے سے قبل پرانی شکل میں واپس آنے کے لئے کافی وقت مل سکے۔ پراعتماد کپتان نے کہا کہ اس قسم کی حمایت حاصل کرنا زبردست ہے اور ہم پرفارمنس دکھا کر ان کی تمام کوششیں قابل قدر بنانے کا عزم کر رہے ہیں۔

Related Articles