امریکہ کی حسینہ آر بونی گیبریل نے مس یونیورس کا مقابلہ جیتا

نیویارک، جنوری ۔امریکی ریاست لوزیانا میں نیو اورلینز میں اتوار کی صبح تک جاری رہنے والے مقابلے میں امریکہ حسینہ آر بونی گیبریل نے مس یونیورس کا مقابلہ جیت لیا۔ اس موقع پر ان کو پہنائے گئے تاج نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ یہ ایسا تاج تھا جو اس سے قبل کسی بھی مس یونیورس کے سر پر نہیں سجا۔ یہ ایک نایاب قسم کا تاج تھا جس پر شاہی نیلم اور سفید ہیرے جڑے گئے تھے۔ تاج کی لاگت 5 ملین اور 750 ہزار ڈالر تھی۔امریکی حسینہ آر بونی گیبریل جس مقابلہ کی فاتح قرار پائی اس میں 85 ملکوں کی حسیناؤں نے شرکت کی تھی ۔ 28 سال کی آر بونی گیبریل ہیوسٹن ٹیکساس میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد فلپائن سے آنے والے تارک وطن ہیں اور والدہ ٹیکساس کی ہیں۔نئی مس یونیورس آر بونی گیبریل بنیادی طور پر مس ٹیکساس ہیں۔ انہوں نے اس وقت توجہ حاصل کی جب انہوں نے گزشتہ سال مس یو ایس اے مقابلہ کے کیوریٹرز کی طرف سے پائیدار فیشن اور موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے دوران بات کی۔ بطور ماڈل اور فیشن ڈیزائنر انہوں نے مس یونیورس مقابلہ میں بھی اپنی شاندار جوابات کی روایت کو دہرایا۔مس یونیورس کا خیال ہے کہ انسان اپنے کریئر اور روزمرہ کے طرز زندگی کے ذریعے کرہ ارض پر اثر انداز ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک فیشن ڈیزائنر ہوں، میں نے جو کپڑے پہنے ہیں وہ میں نے خود بنائے اور میں اپنی صنعت کے ساتھ زیادہ پائیدار ہونے کے لیے مختلف کپڑوں کو دوبارہ استعمال کرتی ہوں کیونکہ میں محسوس کرتی ہوں کہ یہ میرا فرض ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہمیں کچھ صنعتوں اور اپنے گھروں میں زیادہ پائیدار ہونے کے لیے یہی کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے اس جواب نے بظاہر جیوری کے ارکان کو متاثر کیا۔گیبریل نے یونیورسٹی آف نارتھ ٹیکساس سے گریجویشن کی ہے۔ ان کے لیے فیشن ڈیزائن اہم ہے، وہ فی الحال ایک ماحول دوست فیشن ڈیزائنر اور ماڈل کے طور پر سرگرم ہے۔ انہیں فارغ وقت میں پینٹنگ، شاپنگ، ہیولا ہوپس اور یوگا پسند ہے۔ اس نے مقابلے کے فیشن شو میں سٹیج پر اس وقت بھی توجہ مبذول کرائی تھی جب گزشتہ ہفتے چاند کی سطح پر ’ناسا‘ کی پہلی لینڈنگ کی سالگرہ منانے کے لیے انہوں نے خلابازوں کا لباس پہنا تھا۔ گیبریل نے اس موقع پر کہا تھا کہ اس لباس کا مقصد خواتین کو بڑے خواب دیکھنے اور دنیا کے لیے کچھ حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

Related Articles