لندن، نواحی علاقوں کے مکینوں نے ULEZ اسکیم کو ناقابل برداشت قرار دیکر مسترد کردیا

لندن ،فروری۔ لندن کے نواحی علاقوں کے مکینوں نے ULEZ اسکیم کو ناقابل برداشت قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔ بروملے اور بکسلے برو کے مکینوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ULEZ میں توسیع سے وہ کام نہیں کرسکیں گے۔ پروگرام کے مطابق الٹرا لو امیشن زون کی حدود میں اگست سے توسیع کر کے اسے پورے گریٹر لندن تک کردیا جائے گا۔ لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کی بدولت کم وبیش 5ملین افراد صاف ہوا سے مستفیض ہوسکیں گے۔ فی الوقت زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ULEZ کی موجودہ سرحد عبور کرنے کی صورت میں 12.50 پونڈ یومیہ ادا کرنا ہوتے ہیں، اس زون کے اندر رہنے والے لوگ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔ عوامی رائے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں رہنے والے 80 فیصد افراد اس زون میں توسیع کے مخالف ہیں۔ بکسلے میں پراپرٹی مینٹی ننس کا کام کرنے والے فل ایلن کا کہنا ہے کہ ULEZ میں توسیع سے اس کا کام متاثر ہوگا۔ وہ اس کام سے جلد ریٹائرمنٹ پر غور کررہا ہے کیونکہ وہ اپنے کام کیلئے جو وین استعمال کرتا ہے، وہ ULEZ کے معیار پر پوری نہیں اترتی اور نئی وین کی خریداری کیلئے 4,000سے 5,000پونڈ کی ضرورت ہے، جو اس کی اسطاعت سے باہر ہے۔ ULEZ کی تجویز پر عملدرآمد سے مسافر بھی متاثر ہوں گے۔ پٹس ووڈ میں رہائش پزیر Charsley Hayley کو ملازمت کیلئے ویسٹ میلنگ تک آنا پڑتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی موجودہ گاڑی فروخت کر کے ULEZ کے معیار پر پوری اترنے والی گاڑی خریدنے پر غور کر رہی ہیں لیکن اس سے ان پر بہت زیادہ مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے اور اس کیلئے انھیں اپنے والدین سے رقم قرض لینا پڑے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جس علاقے میں رہتی ہیں، وہاں سے ڈرائیونگ کے بغیر گزارا ممکن نہیں ہے کیونکہ ٹرانسپورٹ کے ٹکٹ بہت مہنگے ہیں۔

Related Articles