آئی پی ایل میں قایم رہے گا کوہلی کا زبردست ریکارڈ
دبئی ،رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کپتان وراٹ کوہلی کو چنئی سپر کنگز کے آل راؤنڈر سریش رینا کے آئی پی ایل چھوڑ کر وطن واپس جانے کا فائدہ ہوگا اور ان کا اس ٹی 20 ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ برقرار رہے گا ۔
بنگلور نے آئی پی ایل کے 12 سیزن میں ایک بار بھی ٹائٹل نہیں جیتا لیکن اس کے کپتان اور ہندوستانی رن مشین وراٹ نے 177 میچوں میں 37.84 کی اوسط اور آئی پی ایل میں 131.61 کی اسٹرائک ریٹ سے 5412 رنز بنائے ہیں جو آئی پی ایل میں سب سے زیادہ ہے۔
وراٹ کے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ کا سب سے قریب ترین چیلنج رینا کے پاس تھا جنہوں نے 193 میچوں میں 5368 رنز بنائے تھے۔ وراٹ اور رینا کے درمیان 44 رنز کا فرق تھا لیکن رینا نے ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور متحدہ عرب امارات سے ہندوستان واپس لوٹ آئے۔
اگر رینا آئی پی ایل 13 میں کھیلتے تو وہ اور وراٹ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ کے لئے قریبی مقابلہ میں ہوتے۔ لیکن رینا کی واپسی کے بعد وراٹ کے ریکارڈ کواب کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما اور وراٹ کے مابین 514 رنز کا طویل خلا ہے جو پہلے نمبر پر ہیں۔
روہت نے ٹورنامنٹ میں 188 میچوں میں 4898 رنز بنائے ہیں۔ آسٹریلیا کے سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے 126 میچوں میں 4706 رنز بنائے ہیں، دہلی کیپٹلز کے اوپنر شکھر دھون نے 159 میچوں میں 4579 رنز بنائے ، کنگز الیون پنجاب کے اوپنر کرس گیل نے 125 میچوں میں 4484 رنز اور چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 190 میچوں میں 4432 رنز بنائے ہیں۔
وراٹ کے پاس آئی پی ایل 13 میں چھکوں کی ڈبل سنچری مکمل کرنے کا بھی موقع ہوگا۔ آئی پی ایل میں اب تک صرف تین کھلاڑی ہی یہ کارنامہ انجام دے سکے ہیں۔ کرس گیل نے آئی پی ایل میں 326 چھکے لگائے ہیں ، بنگلور کے اے بی ڈویلیئرز نے 154 میچوں میں 212 چھکے لگائے ہیں اور دھونی نے 209 چھکے لگائے ہیں۔ اگر رینا اس بار آئی پی ایل کھیلتے تو وہ بھی چھکوں کی ڈبل سنچری مکمل کرسکتے تھے۔
ممبئی کے کپتان روہت کے پاس ٹورنامنٹ میں تین انفرادی کامیابیوں کو حاصل کرنے کا سنہری موقع ہوگا۔ روہت اب تک 188 میچ کھیل چکے ہیں اور وہ لیگ راؤنڈ میں ہی 200 میچ مکمل کرلیں گے۔ اس کے علاوہ انہیں ٹورنامنٹ میں پانچ ہزار رنز مکمل کرنے کے لئے صرف 102 رنز کی ضرورت ہے۔ روہت کو ٹورنامنٹ میں چھکوں کی ڈبل سنچری مکمل کرنے کے لئے چھ چھکوں کی ضرورت ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے اور تین مرتبہ آئی پی ایل فاتح رہنے والے دھونی اس ٹورنامنٹ میں 200 میچ بھی مکمل کریں گے۔ لیگ راؤنڈ میں 10 واں میچ کھیلنے کے ساتھ ہی دھونی کے 200 میچ مکمل ہوجائیں گے۔ وہ اب تک 190 میچ کھیل چکے ہیں۔ حیدرآباد کے کپتان وارنر کو بھی ٹورنامنٹ میں پانچ ہزار رنز مکمل کرنے کا موقع ملے گا جو 294 رنز کی دوری پر ہیں۔
آسٹریلیا کے وارنر اور شین واٹسن اور ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ بھی 200 چھکے مکمل کرنے کی دوڑ میں حصہ لیں گے۔ حیدرآباد کے وارنر نے اب تک 126 میچوں میں 181 چھکے ، چنئی کے واٹسن نے 134 میچوں میں 177 چھکے لگائے ہیں اور ممبئی انڈینز کے پولارڈ نے 148 میچوں میں 176 چھکے لگائے ہیں۔