اوساکا ، زیویریف، بسٹا اور بروڈی سیمی فائنل میں

نیو یارک ، جاپان کی چوتھی سیڈ ناومی اوساکا ، پانچویں سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر زیویریف، 20 ویں سیڈ اسپین کی پابلو کیرینو بسٹا اور 28 ویں سیڈ امریکہ کی جینیفر بروڈی نے منگل کو اپنے کوارٹر فائنل میچ جیت کر سال کا آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
جاپان کی دو گرینڈ سلیم فاتح ناومی اوساکا کے نے دوسری بار ٹینس گرینڈ سلیم یو ایس اوپن میں ویمن سنگلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ ان کے علاوہ امریکی جینیفر بریڈی پہلی بار سپر 4 میں پہنچ گئیں۔ گرینڈ سلیم 13 ستمبر تک کورونا وائرس کے مابین جیو سیکیور ماحول میں کھیلا جائے گا۔عالمی نمبر 9 اوساکا نے امریکہ کے شیلبی راجرز کو 6-3، 6-4 سے شکست دی۔ اسی کے ساتھ جینیفر نے قازقستان کی یولیا پوتنتیسوا کو 6-3، 6-2 سے شکست دی۔ امریکہ کی شیلبی راجرز اور قزاخستان کی یولیا پیوتنتیسوا کوارٹر فائنل مرحلے میں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔
امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے ویمنز سنگلز کے کوارٹر فائنل میچ میں جاپان کی ناومی اوساکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے امریکہ کی شیلبی راجرز کو اسٹریٹ سیٹس میں بآسانی 6-3 اور 6-4 سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ناومی اوساکا نے 20 منٹ میں حریف امریکی کھلاڑی کو شکست سے دو چار کیا۔ 22 سالہ ناومی اوساکا کا جمعرات کو سیمی فائنل میں مقابلہ 28 سیڈ امریکی کھلاڑی جینیفر بریڈی سے ہوگا۔ ایک اور میچ میں امریکی ٹینس اسٹار جینیفر بریڈی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قزاخستان کی یولیا پیوتنتیسوا کو سیدھے سیٹس میں 6-3 اور 6-2 سے مات دی۔
تاہم مردوں کے کوارٹر فائنل میں زیویریف نے پہلا سیٹ 1-6 سے ہارنے کے بعد اگلے تین سیٹ جیت کر کروشیا کے بورنا کوریچ کا اپ سیٹ کرنے کا خواب توڑ دیا۔ زیویریف نے تین گھنٹے 25 منٹ میں بوریچ کو 1-6 ، 7-6 (6) ، 7-6 (1) ، 6-3 سے شکست دی اور پہلی بار یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے۔
زیویریف کا مقابلہ سیمی فائنل میں بستا سے ہوگا ، جنہوں نے چار گھنٹے آٹھ منٹ تک جاری رہنے والی میراتھن میں کینیڈا کے ڈینس شاپوولوف کو 3-6 ، 7-6 (5) ، 7-6 (4) ، 0-6، 6-3 سے شکست دی۔ . شاپوالوف نے شکست کے باوجود میچ میں 26 ایس اور 76 ونر لگائے۔ شاپوالوف نے میچ میں 12 ڈبل فالٹ اور 76 بے جا غلطیاں بھی کیں جن کا انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
مردوں کے ڈبلز زمرے میں ہالینڈ کے ویسلے کولہوف اور ان کے کروشین جوڑی دار نکولا میکٹک رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز فائنل میں پہنچ گئے جبکہ امریکہ کے ٹینس اسٹار راجیو رام اور ان کے برطانوی جوڑی دار جو سالسبری پر مشتمل تھرڈ سیڈ جوڑی میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں ہار کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ۔
کولہوف اور ان کے کروشین جوڑی دار نکولا میکٹک نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ کے ٹینس سٹار راجیو رام اور ان کے برطانوی جوڑی دار جو سالسبری پر مشتمل تھرڈ سیڈ جوڑی کو سیدھے سیٹس میں 7-6(7-3) اور 6-4 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا جہاں انکا مقابلہ کروشین میٹ پاویک اور ان کے برازیلین جوڑی دار برونو سواریز پر مشتمل دوسری فائنلسٹ جوڑی سے ہوگا، انہوں نے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ہالینڈ کے جین جولین راجر اور ان کے رومانین جوڑی دار ہوریا ٹکایو کو 6-4 اور 7-5 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
خواتین کے ڈبلز میں جرمنی کی ٹینس اسٹار لورا نٹالی سیجمونڈ اور ان کی روسی جوڑی دار ویرا ایگورینا زوناریوا رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز ڈبلز فائنل میں پہنچ گئی جبکہ اینا بلنکوا اور ویرونیکا ایڈوارڈونا پر مشتمل روسی جوڑی سیمی فائنل میچ میں ہارنے کے بعد باہر ہوگئی۔
نٹالی سیجمونڈ اور ان کی روسی جوڑی دار ویرا ایگورینا زوناریوا نے حریف اینا بلنکوا اور ویرونیکا ایڈوارڈونا پر مشتمل روسی جوڑی کے خلاف کامیابی حاصل کر کے میگا ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ لورا نٹالی سیجمونڈ اور ویرا ایگورینا زوناریوا کی فتح کا سکور 5-7، 6-3 اور 7-5 تھا۔

Related Articles