لندن میں شدید بارش سے سیلابی صورتحال، سڑکیں اور ریل راستے جزوی طور پر بند

لندن ،نومبر۔ برطانوی دارالحکومت لندن میں رات بھر ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی اور لندن کی کئی سڑکیں اورریل راستے جزوی طور پر بند کر دیئے گئے۔ بدھ کو رات دیر گئے شدید بارش کی وجہ سے اے41ہنڈن وے کے حصے کو دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا تھا۔ نارتھ لندن میں ایم 25 اور اے ون کے سیکشنز کو بھی بلاک کر دیا گیا جبکہ اے 40 اور اولڈ اوک کامن کا ایک حصہ اور ویسٹ لندن میں کچھ دوسرے روٹس بھی بارش کی وجہ سے بند کر دیئے گئے ، سیلاب اور سگنل کی خرابی نے نیٹ ورک میں خلل کے ساتھ کئی ٹیوب لائنز کو بھی متاثر کیا ہے۔ ساؤتھ ویسٹرن ریلوے سے چلائی جانے والی شیپرٹن لائن کا ایک سیکشن بھی فل ویل اور ہیمپٹن کے درمیان بند کر دیا گیا۔ ریل آپریٹر کا کہنا ہے کہ خریدے گئے ٹکٹوں کو کسی اضافی چارج کے بغیر قبول کیا جائے گا۔ شیپرٹن اور ٹیڈنگٹن کے درمیان ٹرانسپورٹ فار لندن کی بسوں کیلئے خریدے گئے ٹکٹس کسی اضافی قیمت کے بغیر قبول کیے جائیں گے۔ شدید بارش کی وجہ سے سطح پر گہرا پانی جمع ہونے سے بھی کچھ سٹیشنز متاثر ہوئے ہیں۔ ٹرنہم گرین اور ڈیگنہم ہیتھ وے انڈر گراؤنڈ سٹیشن کو جمعرات کی صبح بند کر دیا گیا تھا۔ لندن میں رات بھر ہونے والی بارش سے فی الحال جن لائنز پر رکاوٹ ہے ان کی تفصیل اس طرح ہے۔ بیکرلو ہارلسڈن میں سگنل فیل ہونے کی وجہ سے کوئینز پارک اینڈ ہیرو اور ویلڈسٹون کے درمیان کوئی سروس نہیں چلی ‘ سرکل پر پہلے کے فائر الرٹ کی وجہ سے ٹرینوں میں شدید تاخیر ہوئی ‘ ڈسٹرکٹ رچمنڈ اور ایکٹن ٹاؤن میں سیلاب کی وجہ سے سگنل فیل ہو گئے جس کے باعث ارل کورٹ اینڈ رچمنڈ /ایلنگ براڈوے کے درمیان کوئی ریل سروس نہیں ہے۔ ہیمر سمتھ اینڈ سٹی میں پہلے کے فائر الرٹ کی وجہ سے ٹرینوں کو شدید تاخیر کا سامنا ہے۔ لندن اوور گراؤنڈ پر ویسٹ کروڈن اینڈ وینڈز ورتھ روڈ پر سگنل فیل ہونے سے سرے کوائیز اور کلیپہم جنکشن کے درمیان کوئی سروس نہیں چلی۔ سیلاب کی وجہ سے سٹراٹفورڈ اینڈ رچمنڈ‘ کلیپہم جنکشن کے درمیان ربل سروس کو شدید تاخیر کا سامنا ہے۔ میٹروپولیٹن پر پہلے کے فائر الرٹ کی وجہ سے شدید تاخیر ہو رہی ہے۔ پکاڈلی لائنز پر ایکٹن ٹاؤن میں سیلاب کے نتیجے میں سگنل فیل ہونے سے ایکٹن ٹاؤن اور آکسبرج کے درمیان ٹرین سروس کو شدید تاخیر کا سامنا ہے۔ بدھ کی شام مسافروں کو میٹروپولیٹن اینڈ جوبلی لائنز پر فنچلے روڈ سٹیشن پر شدید سیلابی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لندن فائر بریگیڈ کا کہنا ہیکہ وہ لندن بھر میں موسم کے اثرات سے نمٹ رہی ہے اور اس نے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فلڈ واٹر میں گاڑی نہ چلائیں اور پیدل چلنے سے بھی گریز کریں۔

 

Related Articles