الیکشن سے قبل ایردوان نے ترکیہ کی پہلی الیکٹرک کار پیش کردی

انقرہ،اکتوبر۔ترکیہ نے ہفتے کے روز ایک تقریب میں اپنی پہلی مقامی طور پر تیار کی جانے والی الیکٹرک کار متعارف کرا دی۔ صدر رجب طیب ایردوآن اگلے سال ہونے والے الیکشن سے قبل اپنی اقتصادی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پروڈکشن لائن سے نکلنے والی پہلی کار کو چلانے کے بعد ایردوان نے کہا کہ ترک ڈومیسٹک کار TOG اپنے تمام ماڈلز کے ساتھ یورپ کی سڑکوں پر پہنچے گی اور وہ کہیں گے کہ پاگل ترک آ رہے ہیں۔‘‘ایردوان مزید گویا ہوئے کہ ترکیہ نے برسا میں ٹوگ پروڈکشن سائٹ کے قریب لیتھیم آئن بیٹری فیکٹری بنانے کے لیے دنیا کی معروف کمپنیوں میں سے ایک کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ بلومبرگ کے مطابق کمپنی کا نام نہیں بتایا گیا اور العربیہ ڈاٹ نیٹ نے اس کا جائزہ لیا۔پہلی سی کلاس ایس یو وی کی فروخت 2023 کی تیسری سہ ماہی کے آخر میں شروع ہونے والی ہے۔TOG کے پیچھے موجود ترک کنسورشیم صرف ڈومیسٹک فروخت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 15 سے 18 ماہ کے بعد ترکیہ کی الیکٹرک کار کو یورپ اور پھر باقی دنیا کو برآمد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔جوائنٹ وینچر کے سی ای او گورکن کاراکاس نے کہا کہ ہم نے فی الحال سالانہ ایک لاکھ کاروں کی پیداواری صلاحیت بنائی ہے۔ ہمارا ابتدائی ہدف 2023 میں 17 سے 18 ہزار ایس یو ویز بنانا ہے۔ پیداوار میں آہستہ آہستہ اضافہ کیا جائے گا۔ کار کی قیمت کا ابھی تعین نہیں کیا گیا۔ لیکن فروری میں کار کی ابتدائی فروخت متوقع ہے اور اسی وقت قیمت بھی طے ہوجائے گی۔بلومبرگ کے مطابق حکمراں جماعت جون 2023 میں ہونے والے انتخابات سے پہلے بڑے منصوبے پیش کرنے کا جائزہ لے رہی ہے۔مرکزی بینک کی جانب سے شرح میں غیر روایتی کٹوتیوں کے باعث ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی مسائل کے دوران بڑے منصوبے پیش کئے جائیں گے۔ریاست نے 2035 کے آخر تک ٹیکسوں میں کٹوتیوں، مفت اراضی، کم ادھار کی لاگت اور سالانہ 30 ہزار کاروں کی سرکاری خریداری کی ضمانت کے ساتھ اس منصوبے کی حمایت کی۔انڈسٹری ایسوسی ایشن او ڈی ڈی کے مطابق ترکیہ میں کاروں کی فروخت میں 2022 کے پہلے نو مہینوں میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 8.2 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس سال اب تک ڈالر کے مقابلے لیرا کی 28 فیصد کمی دیکھنے میں آئی اور لیرا ابھرتی ہوئی منڈیوں میں دوسری بدترین کارکردگی دکھانے والی کرنسی بن گئی۔لیکن لیرا کی کمی نے برآمدات کو بڑھانے میں بھی مدد کی ہے۔ ترکیہ کاروں کی پیداوار کا ایک اہم مرکز ہے اور یورپ کو کاروں کا ایک بڑا برآمد کنندہ ہے۔ فورڈ موٹرز، ٹویوٹا اور مرسڈیز سمیت بڑے کار ساز اداروں کی ملک میں فیکٹریاں ہیں۔ ستمبر میں ترکیہ کی کاروں کی پیداوار میں 20.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

Related Articles