محمد سمیع کی سالگرہ پرکوہلی سمیت متعدد کی مبارکباد
نئی دہلی ، ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سرکردہ گیند باز محمد سمیع کی سالگرہ پر ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی، ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی )، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ،امیش یادو،اشانت شرما ،کنگز الیون پنجاب اور کلدیپ یادو نے مبارکباد دی ہے۔
ٹیم انڈیا کے فاسٹ بولر محمد سمیع اپنی 30 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ سمیع 3 ستمبر 1990 کو اترپردیش کے امروہہ میں پیدا ہوئے تھے۔ سمیع نے اپنی بالنگ سے دنیا کے تمام بلے بازوں کو پریشان کیا ہے۔ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹویٹر کے ذریعے خصوصی طور پر ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔ وراٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے سمیع سے کہا کہ وہ محنت اور بالنگ کرتے رہیں۔وراٹ نے ٹویٹر پر لکھا کہ ‘مبارک ہو سالگرہ محمد سمیع ۔ محنت اور بالنگ دونوں دباکر کرتے رہو۔ ‘ سمیع بھی دیگر ہندوستانی کرکٹرز کی طرح اس وقت متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) میں ہیں۔ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کوویڈ 19 کی وبا کی وجہ سے رواں سال 19 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی ہے۔ سمیع کنگز الیون پنجاب ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ وراٹ رائل چیلنجرس بنگلور ٹیم کے کپتان ہیں ۔ وراٹ کے علاوہ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے ، وکٹ کیپر بلے باز ردھمان ساہا نے بھی سمیع کو سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔
ہندستانی کرکٹ ٹیم کے اپنے وقت کے سرکردہ آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے محمد سمیع کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ "بلے بازوں کو پریشان کرتے رہو ،اسٹمپ کو اڑاتے رہو ،یہ دعا ہے میری آپ کے لئے آپ کے یوم پیدائش کے موقع پر ، # ہیپی برتھ ڈے سمیع”۔سمیع کی سالگرہ پر ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی )، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ،امیش یادو،اشانت شرما ،کنگز الیون پنجاب اور کلدیپ یادو نے بھی مبارکباد دی ہے۔
سمیع نے ہندستان کے لئے مجموعی طور پر 49 ٹیسٹ ، 77 ون ڈے اور 11 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں۔ اس دوران انہوں نے بالترتیب 180 ، 144 اور 12 وکٹیں حاصل کیں۔ سمیع نے کل 49 آئی پی ایل میچ کھیلے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 40 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سمیع نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 2013 میں کیا تھا۔ جنوری 2013 میں ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کے بعد اسی سال نومبر میں انہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کو ان پر اتنا اعتماد ہے کہ جب بھی ٹیم کو کسی وکٹ کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ گیند سمیع کے حوالے کرتے ہیں ۔ فاسٹ بالر بھی اپنے کپتان کو مایوس نہیں کرتے اور ہمیشہ توقعات پر پورا اترتے ہیں۔واضح رہے کہ محمد سمیع کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے کا موقع ملا۔ یہ میچ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ اس میچ سے قبل ہندوستانی ٹیم تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-2 سے پیچھے رہی تھی۔ ٹیم کی عزت خطرے میں پڑ گئی تھی کیونکہ اگر آخری میچ میں ہندستان ہار جاتا تو ٹیم کی کرکری ہوجاتی۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 167 رنز بنائے۔ کسی کو بھی اس اسکور پر ٹیم انڈیا کی جیت کی توقع نہیں تھی۔ یہاں محمد سمیع کا جادو چلا ۔ ڈیبیو میچ میں عمدہ بالنگ کرتے ہوئے انہوں نے اس چھوٹے سے اسکور کا بھی دفاع کیا۔ سمیع نے یقینا اس میچ میں ایک وکٹ حاصل کی تھی لیکن انہوں نے 9 اوورز میں چار اوورز میں صرف 23 رنز دیئے اور ٹیم انڈیا کو 10 رن سے فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔