سشمیتا سین کا ’گولڈ ڈِگر‘ کہنے والوں کو کرارا جواب
ممبئی،جولائی۔جب سے انڈین پریمیئر لیگ کے بانی للت مودی نے بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین کے ساتھ اپنے تعلقات کا اعلان کیا ہے، سوشل میڈیا کی جانب سے اداکارہ کو ’لالچی‘ کہا جا رہا ہے۔سشمیتا سین نے اپنے ناقدین کو کرارا جواب دینے کے لیے سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام کا رْخ کیا ہے جہاں اْنہوں نے اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ سمندر کے پانی میں کھڑی ہیں۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ مجھے یہ دیکھ کر تکلیف اور مایوسی ہوتی ہے کہ ہمارے اردگرد کی دْنیا دْکھی اور ناخوش ہوتی جا رہی ہے، نام نہاد دانشور افراد بے تْکی باتیں کرتے ہیں، وہ لوگ جنہیں میں جانتی تک نہیں یا جو مجھ سے کبھی ملے نہیں، وہ میرے کردار پر بات کر رہے ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ ایسے لوگ مجھے ’گولڈ ڈگر‘ یعنی دولت کی لالچی کہہ رہے ہیں، میں تو گولڈ سے بھی زیادہ قیمتی اشیاء کی بات کرتی ہوں، مجھے ہیرے پسند ہیں اور آج تک خود اپنے لیے ہیرے خریدتی ہوں۔سشمیتا سین نے مزید کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، میں خود روشنی اور سورج ہوں، میرے لیے سب سے اہم میرا ضمیر ہے۔واضح رہے کہ جب سے انڈین پریمیئر لیگ کے بانی للت مودی نے بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین کے ساتھ اپنے تعلقات کا اعلان کیا ہے تو سوشل میڈیا پر اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔کچھ صارفین سشمیتا سین کو لالچی کہہ رہے ہیں تو وہیں کچھ صارفین للت مودی کا مذاق اڑا رہے ہیں کہ آخر کار اْن کی محنت رنگ لے آئی۔