عامر خان کی فلم ’لگان‘ کو برطانیہ میں نئے انداز میں پیش کرنے کا فیصلہ

لندن،جون۔بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلم ’لگان‘ کو برطانیہ میں نئے انداز میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آسکرز اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والی تیسری بھارتی فلم ’لگان‘ ایک بار پھر سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ذرائع کے مطابق، 2001 میں بننے والی بلاک بسٹر بالی ووڈ فلم’ لگان‘ کو جلد ہی برطانیہ میں بطور براڈ وے شو پیش کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ برطانیہ کے کئی معروف پروڈیوسرز نے عامر خان کی پروڈکشن کمپنی سے فلم’ لگان‘ کے کاپی رائٹس کے حصول کے لیے رابطہ کیا ہے۔عامر خان کی ٹیم نے ابھی اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ برطانوی پروڈیوسرز کے اس براڈوے شو کے لیے مختلف منصوبے ہیں جن میں اصل کاسٹ کے ہمراہ اس شو کا ورلڈ ٹور پر جانا بھی شامل ہے۔فلم’لگان‘میں تقسیم ہند سے پہلے کے دور کو دکھایا گیا تھا، جہاں ایک چھوٹے سے گاؤں کے لوگ برطانوی فوجی افسران کے خلاف کرکٹ میچ کھیلتے ہیں۔گاؤں والوں کے اس کرکٹ مقابلے کا مقصد لگان یعنی (زرعی ٹیکس) کو ختم کروانا ہوتا ہے۔ اس فلم میں عامر خان کے علاوہ گریسی سنگھ، کلبھوشن کھربندا، راجندر گپتا، رگھوبیر یادیو، راجیش وویک، پردیپ راوت اور برطانوی اداکار ریچل شیلی اور پال بلیک تھورن نے اداکاری کی تھی۔

Related Articles