اینڈرسن کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں لمبی چھلانگ

دبئی،انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں لمبی چھلانگ لگائئ ہے۔ اینڈرسن ایک بار پھر آئی سی سی ٹیسٹ بولرز کی درجہ بندی میں ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی فاسٹ بالر جسپریت بمراہ کی درجہ بندی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور وہ 9 ویں پوزیشن پر ہیں۔ اینڈرسن نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں سات وکٹیں حاصل کیں ، اس دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹ کے جادوئی ہندسے کو بھی چھوا۔
انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کرنے پر پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی ہوگئی ہے۔ ساؤتھمپٹن کی مشکل کنڈیشنز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں اپنے کیرئیر کی 17ویں سنچری اسکور کرنیوالے اظہر علی کی عالمی درجہ بندی میں11 درجے ترقی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ حالیہ درجہ بندی کے بعد 34ویں پوزیشن پر موجود اظہر علی اب رینکنگ میں 23ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ بابراعظم نے رینکنگ میں اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 141 رنز کی ناقابل شکست اننگزکھیلنے والے اظہر علی نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 0 اور 18 جبکہ دوسرے میچ کی واحد اننگز میں 20 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
اظہر علی نے اپنے 81ویں ٹیسٹ میچ میں حریف بالرز کے سامنے زبردست مزاحمت کرتے ہوئے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے میں مدد کی تھی۔ادھر سیریز کے آخری میچ کی پہلی اننگز میں11 اور دوسری میں 63 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کھیلنے والے بابراعظم کی حالیہ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن(797 پوائنٹس) برقرار ہے۔ رینکنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ (911 پوائنٹس) پہلے، وراٹ کوہلی (886پوائنٹس) دوسرے، مارنس لبوشین (827 پوائنٹس) تیسرے اور کین ولیمسن (812 پوائنٹس) چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹاپ ٹین بالرز میں پاکستان کا کوئی بالر شامل نہیں ہے۔ پاکستان کے محمد عباس 13 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، پارٹ ٹائم بالر فواد عالم 22 درجے ترقی کے ساتھ 94 ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں جب کہ اسد شفیق نے 109 ویں پوزیشن سے 100 ویں پوزیشن پر ترقی پائی ہے،انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن ٹاپ ٹین بولروں میں شامل ہیں اور رینکنگ میں آٹھواں نمبر ہے۔
آل راونڈرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں جیسن ہولڈر پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ سیریز میں پاکستان کی جانب سے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ جیتنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 3درجے ترقی پاکر بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں 72ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔اس کے علاوہ عالمی رینکنگ میں موجود پاکستان کے ٹیسٹ کھلاڑیوں میں اسد شفیق 26ویں، شان مسعود 29ویں اور عابد علی 59ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
طویل طرز کی کرکٹ میں پاکستان کے فاسٹ بالر محمد عباس کی عالمی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے۔وہ 8ویں سے 13ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ ایک درجے تنزلی کے بعد 23ویں، شاہین شاہ آفریدی 33ویں اور نسیم شاہ 57ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 600 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ بالر جیمز اینڈرسن کی عالمی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔ وہ اب محمد عباس کی جگہ 8ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز، انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ اورنیوزی لینڈ کے نیل ویگنر بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

Related Articles