برطانوی وزیرصحت ساجدجاوید اور وزیرخزانہ رِشی سوناک مستعفی

لندن،جولائی ۔ برطانوی وزیرصحت ساجد جاوید اور وزیرخزانہ رِشی سوناک نے منگل کے روز وزیراعظم بورس جانسن کی کابینہ سے استعفا دے دیا ہے۔پاکستانی نڑاد ساجدجاوید نے ٹویٹر پر کہا کہ ’’میں نے وزیر اعظم سے بات کی ہے کہ میں وزیرصحت اور سماجی نگہداشت کی حیثیت سے اپنے عہدے سے مستعفی ہورہا ہوں‘‘۔انھوں نے کہا کہ ’’برطانیہ کے وزیرصحت کی حیثیت خدمات انجام دینا میرے لیے ایک بڑا اعزازرہا ہے لیکن مجھے افسوس ہے کہ میں اب اچھے ضمیرکے ساتھ اس کردارکو جاری نہیں رکھ سکتا ہوں‘‘۔ان کے بعد برطانوی وزیرخزانہ رِشی سوناک بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ان دونوں نے بظاہر چیف وہپ کرس پنچر معاملے کے تناظر میں وزیراعظم بورس جانسن کی کابینہ کو خیرباد کہا ہے اور ان کی قیادت پرنکتہ چینی کی ہے۔ساجد جاوید نے اپنے استعفے کے خط میں وزیراعظم بورس جانسن کے حالیہ کردار پر کڑی تنقید کی ہے۔انھوں نے لکھا:’’ایک رہ نما کی حیثیت سے آپ نے جولہجہ طے کیا ہے اور آپ جن اقدار کی نمائندگی کرتے ہیں،ان کی آپ کے ساتھیوں، آپ کی پارٹی اوربالآخر ملک پر عکاسی ہوتی ہے۔ قدامت پسندوں کواپنی بہترین کارکردگی کا حامل سخت گیر فیصلہ سازوں کے طور پردیکھا جاتا ہے اور وہ اپنی مضبوط اقدارسے رہنمائی حاصل کرتے ہیں‘‘۔وہ مزید لکھتے ہیں:’’(پارلیمان میں)اعتماد کا ووٹ عاجزی، گرفت اور نئی سمت کاایک لمحہ تھا۔ تاہم مجھے یہ کہتے ہوئے افسوس ہورہا ہے اور یہ بات میرے لیے واضح ہے کہ آپ کی قیادت میں یہ صورت حال تبدیل نہیں ہوگی اوراس لیے آپ نے میرا اعتماد بھی کھو دیا ہے‘‘۔دریں اثناء بھارتی نڑاد مسٹرسوناک نے کہا:’’مجھے پختہ یقین ہے کہ عوام اس سچائی کو سننے کے لیے تیارہیں۔ ہمارے لوگ جانتے ہیں کہ اگرکوئی چیزسچ ہونے کے لیے بہت اچھی ہے تو یہ سچ نہیں ہے‘‘۔انھوں نے مزید کہا:’’عوام کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اگرچہ بہترمستقبل کا راستہ موجود ہے لیکن یہ آسان نہیں ہے۔ اگلے ہفتے معیشت کے بارے میں ہماری مجوزہ مشترکہ تقریرکی تیاری میں میرے لیے یہ واضح ہو گیا ہے کہ ہمارے نقطہ نظربنیادی طور پربہت مختلف ہیں‘‘۔

Related Articles